اہم خبریں

محرم الحرام کی مناسبت سے سرنکوٹ میں جلوس برآمد
بختیار کاظمی
سرنکوٹ //سالہاسال سے برآمد ہوتے آرہے نو محرم کے جلوس کو اس بار بھی سرنکوٹ میں برآمد کیاگیا۔پونچھ ضلع میں یہ سب سے بڑا جلوس ہوتاہے جس میں ضلع بھر سے ہزاروں کی تعداد میں عزاداروں اور ماتمی دستوں نے شرکت کی۔جلوس کاآغازسرنکوٹ بس اڈہ سے ہواجس سے پہلے ایک مجلس منعقد کی گئی۔یہ جلوس اپنے روایتی راستے سے ہوتاہوا شام کو امام بارگاہ سرنکوٹ میں اختتام پذیر ہوا۔راستے میں لگنے والے سٹیجز پر علماو ذاکرین نے خطاب کئے اور امام حسین ؑکی قربانی کا پیغام عام کیا۔مولانا سید جعفر حسین جعفری (سنئی پنیالی)،مولانا سید کرار حسین (گورسائی)،مولانا سید اختر حسین (گجرات)،مولانا نامدار عباس (پٹنہ بہار)کے علاوہ نذیر حسین قریشی،ڈاکٹر ممتاز بخاری،سید ظہیر عباس جعفری (کے پی ایس)نے بھی جلوس سے خطاب کیا۔سبھی نے واقعہ کربلا کو یاد کرتے ہوئے کہاکہ امام حسین ؑ کی قربانی رہتی دنیا تک باقی رہے گی اوراس سے باطل طاقتوں کو یہ پیغام ملتاہے کہ راہ حق پر چلنے والے کبھی بھی ظالم قوتوں کے سامنے جھک نہیں سکتے بلکہ وہ سر کٹاسکتے ہیں مگر سر جھکا نہیں سکتے۔شہدائے کربلا اور اسیران کربلا کی یاد میں عزاداروں نے سینہ زنی اور نوحہ خوانی کی۔آخر پر انجمن جعفریہ سرنکوٹ کے صدر مولانا سید صفدر حسین جعفری نے سبھی کا شکریہ اد اکیا۔انہوں نے سول اور پولیس انتظامیہ و دیگر ان تمام محکمہ جات کا بھی شکریہ ادا کیا جس نے بھی جلوس کے انعقاد کے سلسلے میں تعاون دیا۔

 

ساوجیاں سکول میں تمدنی اور بیداری پروگرام کا انعقاد
منڈی// آزادی کا امرت مہااتسو کے سلسلے میں جاری تقریبات کی کڑی کے طور پر نارتھ زون کلچرل سنٹر پٹیالہ پنجاب نے ماڈل ہائر سیکنڈری سکول ساوجیاں پونچھ میں ایک بیداری اور ثقافتی پروگرام کا انعقاد کیا۔ نارتھ زون کلچرل سنٹر کے رجسٹرڈ نامور فنکاروں نے تین سو سے زائد سامعین کے سامنے دلکش پرفارمنس پیش کی۔ انہوں نے ہر گھر ترنگا اقدام اور مرکز حکومت کے دیگر فلیگ شپ پروگراموں کے بارے میں سامعین کو آگاہ کرنے کے لئے لوک گیت، بیداری کے موضوعاتی گیت اور نکڑ ناٹک پیش کئے۔ سلیم رشی ٹیچر نے فنکاروں اور حاضرین کا خیر مقدم کیا۔ فنکاروں میں پردیپ کھنہ، خورشید راتھر، توحید احمد، رمیز احمد، شبنم اختر، سنجے چمکیلا اور پریم پرکاش شنکر نمایاں تھے۔ ماڈل ہائر سیکنڈری سکول ساوجیاں کے طلباء نے بھی حب الوطنی کے نغمے اور لوک گیت بھی پیش کئے۔ پرنسپل انور خان نے کلچرل سنٹر پٹیالہ کا شکریہ ادا کیا اور دور افتادہ سرحدی علاقے میں اس طرح کے پروگرام کے انعقاد کیلئے نارتھ زون کلچرل سنٹر پٹیالہ کی تعریف کی۔تقریب میں مڈل سکول ساوجیاں اور مڈل سکول میدان کے طلبا اور اساتذہ بھی شریکِ ہوئے۔

تھنہ منڈی کالج میںآگاہی پروگرام
عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی// آزادی کا امرت مہا اتسو پروگرام کے بینر تلے گورنمنٹ ڈگری کالج تھنہ منڈی کے این ایس ایس یونٹ نے ’ہر گھر ترنگا‘ کے مشاہدے کے سلسلے میں منعقد کی جانے والی سرگرمیوں کے تسلسل میں ’ہر گھر ترنگا‘ پروگرام کا انعقاد کیا۔ ملک کے وزیراعظم نریندر مودی کی جانب سے شروع کئے گئے۔ اس پروگرام کا مقصد نوجوانوں میں قومی پرچم کے حوالے سے عزت و احترام اور فخر کے جذبات کو ابھارنا تھا۔ یہ پروگرام پرنسپل گورنمنٹ ڈگری کالج تھنہ منڈی پروفیسر ڈاکٹر جاوید احمد قاضی کی سرپرستی میں منعقد ہوا جس میں کالج کے سٹاف ممبران اور طلباء کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ پروگرام کا انعقاد این ایس ایس یونٹ کے پروگرام آفیسر پروفیسر محمد شوکت نے اس پروگرام کو ترتیب دیا اور نہایت ہی کامیابی کے ساتھ اس کا انعقاد بھی کیا۔

2گروپوں میں تصادم کے دوران پولیس اہلکار کی پٹائی
2افراد گرفتار ،کیس درج کر کے تحقیقات شروع کر دی گئی :پولیس
جاوید اقبال
مینڈھر //سب ڈویژن مینڈھر کی پولیس چوکی منکوٹ میں دو گروپوں میں ہوئی آپسی لڑائی کے دوران ایک پولیس اہلکار شدید زخمی ہو گیا جس کو علاج معالجہ کیلئے مینڈھر ہسپتال بھرتی کردیا گیا ہے اور پولیس نے اس واقعہ میں ملوث 2افراد کوگرفتار کرلیا ہے ۔پولیس نے بتایا دو گروپوں کی آپسی لڑائی کے معاملہ پر منکوٹ چوکی سے رجوع کیا گیا تاہم پولیس چوکی پر گروپوں میں دوبارہ سے لڑائی ہو گئی جس کے دورا ن دونوں گروپوں نے ایک پولیس اہلکار کی پٹائی کر دی گئی جس میں وہ شدید زخمی ہوگیا ۔زخمی پولیس اہلکار کی شناخت طفیل حسین کے طورپر ہوئی ہے ۔معاملہ کی جانکاری موصول ہونے کے بعد ایس ڈی پی او مینڈھر موقعہ پر پہنچے اور انہوں نے پولیس اہلکار کو ہسپتال منتقل کر وا دیا ۔ایس ڈی پی او نے بتایا کہ اس واقعہ میں ملوث 2افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے جبکہ اس سلسلہ میں ایک کیس در ج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں ۔

وکلاء کی ہڑتال دوسرے روز بھی جاری رہی
جاوید اقبال
مینڈھر //مینڈھر کورٹ میں جاری وکلاء کی ہڑتال مسلسل جاری ہے تاہم اس دوران وکلاء کے نمائندوں نے صاف کرتے ہوئے کہاکہ بدتمیزی کرنے والے سٹاف ممبر کی تبدیلی تک مذکورہ ہڑتال مسلسل جاری رکھی جائے گی ۔گزشتہ روز وکلاء کی جانب سے کوئی بھی چمبر نہیں کھولا گیا ۔اس دوران بار ایسوسی ایشن مینڈھر کے صدر جاوید احمد خان نے کہا کہ عدالت کا کلریکل عملہ وکلاء کے ساتھ بدتمیزی کر رہا ہے جو کہ افسوس ناک اور ناقابل برداشت ہے۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ مذکورہ سٹاف کیخلاف کارروائی کرنے کیساتھ ساتھ ان کو جلدازجلد تبدیل کیا جائے۔موصوف نے انتباہ دیتے ہوئے کہاکہ سٹاف ممبر کو اگر جلدازجلد تبدیل نہیں کیا گیا تو احتجاج اور ہڑتال کا وائرہ وسیع کر دیا جائے گا ۔

مینڈھر میں بی ڈی او کی تعیناتی کا مطالبہ
جاوید اقبال
مینڈھر //سرپنچ ایسوسی ایشن مینڈھر کے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ مینڈھر بلاک میں خالی پڑی ہوئی بلاک ڈیو لپمنٹ آفیسر کی کرسی کو جلدازجلد پُر کیا جائے ۔مینڈھر میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس کے دوران سرپنچ ایسوسی ایشن کے صدر شوکت چوہدری اور ٹھیکیدار نثار احمد چیچی نے انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ مینڈھر بلاک جموں وکشمیر میں سب سے بڑا بلاک ہے تاہم اس کی تعمیر و ترقی کیلئے سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کیا جارہا ہے ۔انہوں نے کہاکہ مینڈھر میں تعیناتی بی ڈی او کو کچھ ہی ماہ میں تبدیل کر دیا جاتا ہے جس کی وجہ سے مزدور طبقہ کیساتھ ساتھ ٹھیکیداورں کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔انہوں نے کہاکہ مینڈھر میں آفیسر موصوف کے نہ ہونے کی وجہ سے لوگوں کی ادائیگیاں نہیں ہو سکی جبکہ مرکزی حکومت کی جانب سے شروع کردہ پردھا ن منتری اواس یوجنا کے تحت بھی تعمیر اتی عمل ٹھپ پڑا ہوا ہے ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ مینڈھر میں جلدازجلد مذکورہ آفیسرکی تعیناتی عمل میں لائی جائے تاکہ لوگوں کی مشکلات کم ہو سکیں ۔

منجا کوٹ میں ترانگا ریلی نکالی گئی
پرویز خان
منجا کوٹ //تحصیل ہیڈ کوارٹر منجا کوٹ میں مختلف سرکاری سکولوں کے طلباء و منتظمین کی جانب سے ترانگا ریلی نکالی گئی جس میں بچوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی ۔اس ریلی کا اصل مقصد عام لوگوں و بچوں کو یوم آزادی کی مناسبت سے قائم ترانگا مہم کے سلسلہ میں بیدار کرنا تھا ۔اس ترانگا ریلی میں گور نمنٹ مڈل سکول منجا کوٹ ،گور نمنٹ گرلز ہائی سکول منجا کوٹ اور گور نمنٹ ہائر سکینڈری سکول منجا کوٹ کے طلباء شرکت کررہے تھے تاہم اس موقعہ پر محکمہ ایجوکیشن کے ملازمین ،محکمہ فیزیکل ایجوکیشن ،فوج اور جموں وکشمیر پولیس کے اہلکار بھی موجود تھے ۔

 

خواتین میں سلائی مشینیں تقسیم
رمیش کیسر
نوشہرہ // فوج کی جانب سے نوشہرہ سب ڈویژن کے ٹھیٹالی علاقہ میں ایک پروگرام کے دوران علاقہ کی خواتین میں سلائی مشینیں تقسیم کیں ۔فوج کی جانب سے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا ہے کہ 15راجپوت کی جانب سے مذکورہ گائوں میں ایک پروگرام کا اہتمام کیا گیا جس میں فوجی آفیسران نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔انہوں نے بتایا کہ فوج گزشتہ کئی عرصہ سے عوام بالخصوص خواتین کو با اختیار بنانے کیلئے فلاحی قدم اٹھا رہی ہے جبکہ اس مہم کے دوران ٹھیٹالی گائوں میں خواتین کو سلائی مشینیں تقسیم کی گئی ہیں ۔اس دوران مقامی لوگوں نے فوج کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ فو ج مقامی لوگوں کی فلاح و بہبود کیلئے انتہائی اہم قدم اٹھا رہی ہے ۔

پونچھ میں محرم الحرام کی نویں مجلس عزا منعقد
حسین محتشم
پونچھ//امام بارگاہ عالیہ پونچھ میں محرم الحرام کی نویں شب بھی مجلس عزا منعقد ہوئی۔ حسب روایت تلاوت کلام پاک کے بعد نعت ، منقبت،قصیدہ، سلام اور نوحہ پیش کئے گئے بعد از آں خصوصی خطاب کرتے ہوئے مولانا سید نامدار عباس رضوی نے اہنے موضوع پر گفتگو فرماتے ہوئے کہا جو کچھ بھی اللہ نے ہمیں دیا ہے وہ نعمت ہے۔ انہوں نے کہا مصیبت سب کیلئے ایک جیسی ہوتی ہے مگر انسان اسے اپنی سوچ سے اسے بڑا بناتے ہیں۔ انہوں نے فرما جو اللہ اکبر کہہ دے اس کے لئے کوئی مصیبت بڑی نہیں ہو سکتی۔انہوں نے مزید کہا کہ حادثات کو دیکھنے کا نظریہ اسے چھوٹا یا بڑا بنادیتا ہے۔ حدیث قدسی میں ارشاد رب العزت ہے بندگی کرنے والے مرے مہمان ہیں۔ میرا زکر کرنے والے میری نعمتوں میں ہیں۔ انہوں نے کہا اللہ کا ان نعمتوں کے لئے شکر ادا کرو جو اللہ نے تمیں دی ہے تاکہ وہ تمہیں وہ نعمتیں بھی دے جو نہیں ملی ہیں۔مولانا کے خطاب کے بعد کشمیری مرثیہ پڑھا گیا اور نوجوانوں نے نوا اور موسم کا نذرانہ پیش کر کے امام عالیمقام کو خراج عقیدت پیش کیا۔دعا و سلام پر مجلس عزا اختتام پذیر ہوئی۔

محکمہ پی ڈی ڈی کے ملازمین اور انجینئروں کا احتجاج
حسین محتشم
پونچھ//محکمہ بجلی کے ملازمین کی جانب سے ضلعی دفتر کے باہر پاورہاوس پونچھ میں سینکڑوں کی تعداد میں محکمہ بجلی کے ملازموں نے حکومت کے خلاف احتجاج کیا۔احتجاج کر رہے ملازموں نے اپنے مطالبات کے حق میں اور بجلی محکمہ کو نجی کمپنی کے ساتھ منسلک کرنے کے خلاف نعرے بازی کی۔اس احتجاجی مظاہرے میں محکمہ بجلی کے ایکس ای این، ایگزیکٹو انجینئرز ، سینئر انجینئرز، جونیئر انجینئر، لائن مین اور دیگر تمام ملازموں نے شرکت کرکے اس بل کے خلاف اپنی برہمی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر موجود جے کے ای جی اے کے نائب صدر جہانگیر احمد نے کہا کہ ‘وہ اپنی زندگی کا زیادہ وقت محکمہ بجلی کے شعبے میں گزار چکے ہیں تاہم اب محکمہ بجلی کو نجی شعبے میں منتقل کئے جانے کے لئے پارلیمنٹ میں بل پاس کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس بل کو پارلیمنٹ میں پیش کئے جانے کو لے کر ملازموں کو اعتماد میں نہیں لیا گیا جو کہ ان ملازمین کے ساتھ سخت نا انصافی ہے۔ ملازموں کا کہنا تھا کہ وہ اپنی زندگی کا اکثر حصہ ملازمت میں گزار چکے ہیں اور زندگی کے اس موڑ پر خود کو مجبور محسوس کر رہے ہیں۔’ملازمین نے موجودہ مرکزی سرکار اور لیفٹیننٹ گورنر سے اپیل کی وہ اس بل کو پاس نہ ہونے دیں تاکہ ان ملازموں کے افراد خاندان غربت کا شکار نہ ہوں۔ بجلی کے افسران اور ملازمین کا کہنا تھا کہ اگر یہ بل پاس ہوجاتا ہے تو اس سے تقریبا اٹھائیس لاکھ ملازم متاثر ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ اس بل کے پاس ہونے سے اگر کوئی فائدہ ہوتا تو کہنے کی بات تھی لیکن ہم نے دیکھا ہے کہ جو بھی پرائیویٹ کمپنیاں جموں کشمیر میں آئی وہ ناکام ثابت ہوئی ہیں۔

 

بڈھا امر ناتھ یاترا 2022
چھڑی مبارک آج منڈی پہنچے گی
حسین محتشم
پونچھ//تاریخی دشنامی میں اکھاڑا پونچھ سے بڈھا امرناتھ کے لئے چھڑی یاترا اس بار نو اگست کو برآمد ہو رہی ہے اور اس دن منڈی کے صدر مقام پر جلوسِ عاشورہ بھی بر آمد کیا جا رہا ہے۔ اس دوران امن و امان کی صورتحال کو قائم و دائم رکھنے کے سلسلہ میں شری شری سوامی وشو اتمانند سرسوتی جی مہاراج کی قیادت میں ایک میٹنگ کا انعقاد کیا گیاجس میں ہندو تنظیموں کے عہدیداران کے علاوہ انجمن تنظیم المومنین منڈی کے صدر اور دیگر عہدیداروں نے، سول سوسائٹی ممبران ، سیاسی و سماجی کارکنان اور مختلف نجی تنظیموں کے عہدیداران نے شرکت کی۔اس دوران مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا اور پھر بااتفاق رائے کئی اہم فیصلے لئے گئے جس کے بعد سوامی جی مہاراج نے ذرائع ابلاغ کے نمائندگان کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ منڈی میں جو جلوس عاشورہ برآمد ہوتا ہے وہ ہر سال ڈیڑھ بجے برآمد کیا جاتا ہے لیکن اس بار ان کی اپیل پر تنظیم المومنین منڈی کے عہدیداران نے وعدہ کیا ہے کہ وہ جلوس ڈھائی بچے برآمد کریں گے۔انہوں نے کہا کہ اس دوران چھڑی یاترا ڈھائی بجے سے پہلے پہلے منڈی بازار سے گزر کر بڈھا امرناتھ پہنچائی جائے گی اس کے بعد کسی بھی گاڑی کو بازار سے گزرنے نہیں دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ جلوس عاشورہ ساڑھے پانچ بجے اختتام پذیر ہو گا۔ اس کے بعد دیگر گاڑیوں کو بازار سے گزرنے کی اجازت ہوگی۔ انہوں نے تمام جماعتوں سے اپیل کی کہ وہ وقت کو مدنظر رکھتے ہوئے اس پر عمل درآمد کریں تاکہ امن و امان کی صورتحال اور آپسی بھائی چارہ قائم و دائم رہے۔انہوں نے کہا کہ اس دوران اگر کوئی بھی کسی قسم کی غلط حرکت کرتا ہے جس سے وہاں حالات متاثر ہوں تو وہ خود اس شخص کے خلاف ایف آئی آر درج کروائیں گے اور اسے سخت سے سخت سزا دی جائے گی۔

نور کوٹ میں مفت طبی کیمپ منعقد
حسین محتشم
پونچھ//سرحدی ضلع کی سرحدی پنچایت نورکوٹ میں انڈین آرمی کی 93انفانٹری بریگیڈ اور محکمہ صحت کے باہمی اشتراک سے مفت طبی کیمپ منعقد کیا گیا جس میں محکمہ صحت اور فوج کے ماہر ڈاکٹروں نے مریضوں کا مفت طبی معائنہ کرکے ان میں مفت دوائیاں تقسیم کی۔ مقامی عوام نے اس اقدام کے لئے فوج اور محکمہ صحت کے اعلی افسران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے طبی کیمپ مستقبل میں بھی منعقد کئے جائیں۔ لوگوں کا کہنا تھا کہ ان کا گاؤں نورکوٹ ایک سرحدی اور دور دراز علاقہ ہے جہاں سہولیات کا فقدان ہے۔ انہوں نے کہا کہ طبعی معائینہ کے لئے ان کو ضلع ہسپتال پہنچ جانا پڑتا ہے جو وہاں کے غریب لوگوں کے لئے کئی بار مشکل ہو جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس طرح کے طبی کیمپ منعقد ہونے سے ان لوگوں کو بڑی حد تک راحت ملتی ہے اس لئے ایسے کیمپ ہمیشہ منعقد کئے جائیں تو بہتر ہے۔

 

پونچھ میں مختلف سکیموں کا جائزہ لیا گیا
حسین محتشم
پونچھ//اے ڈی ڈی سی پونچھ نے ضلع کے تحت گراؤنڈ واٹر ڈرلنگ ڈویژن جموں کی طرف سے لاگو کی جا رہی مختلف سکیموں کے تحت کیپیکس 2022-23 حاصل ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا۔میٹنگ کے کے دوران ایگزیکٹیو انجینئر گراؤنڈ واٹر ڈرلنگ ڈویژن جموں نے بتایا کہ 188 سکیموں میں سے اب تک 50 سکیمیں مکمل ہو چکی ہیں اور ضلع میں 383 ہینڈ پمپوں کی تنصیب کا ہدف ہے مختلف مقامات پر حاصل کئے گئے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ گراؤنڈ واٹر ڈرلنگ ڈویژن جموں نے 30 ستمبر 2022 تک یا اس سے پہلے 60 فیصد کام مکمل کئے ہیں باقی 40 فیصد کام 31 دسمبر 2022 تک مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ اے ڈی ڈی سی پونچھ نے میٹنگ میں موجود تمام افسران/ اہلکاروں سے کہا کہ وہ مزید جوش اور لگن کے ساتھ کام کریں تاکہ ضلع کیپیکس 2022-23 کے تحت مقرر کردہ اہداف کو بروقت حاصل کیا جا سکے اور فنڈز کی کمی سے بچا جا سکے جیسا کہ گزشتہ سال ہوا تھا اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ جے جے ایم کے تحت اے اے اے، ٹی ایس، ٹینڈرنگ اور الاٹمنٹ کے عمل کو تیز کیا جائے۔ میٹنگ میں ایگزیکٹیو انجینئر گراؤنڈ واٹر ڈرلنگ ڈویڑن جموں، ایگزیکٹیو انجینئر جل شکتی (پی ایچ ای) ڈویڑن پونچھ، اے ای ای (میکینکل) جل شکتی (پی ایچ ای) سب ڈویڑن پونچھ، اے ای ای جل شکتی (پی ایچ ای) سب ڈویڑن پونچھ، ٹیکنیکل آفیسر ہائیڈرولک سرکل پونچھ، اے ای ای (میکینکل) گراؤنڈ واٹر ڈرلنگ ڈویڑن جموں اور جونیئر انجینئرزنے شرکت کی۔

 

 

سندربنی میں نوعمر لڑکا ڈوب گیا
راجوری//سندربنی کے وارڈنمبر 11 کا رہنے والا ایک نوعمر لڑکا پیر کی شام مقامی ندی میں ڈوبنے کی وجہ سے فوت ہوگیا۔مرنے والے کی شناخت انکت ولد اشوک کمار سکنہ وارڈنمبر 11 سندر بنی کے طور پر کی گئی ہے۔حکام نے بتایا کہ لڑکا راواڑیاں تلان میں ندی کے قریب موجود تھا جب وہ دریا میں ڈوب گیا۔متوفی کی لاش کو جائے وقوعہ سے تحویل میں لے کر قانونی کارروائی کیلئے مقامی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے ۔