اہم خبریں

سیول انتظامیہ میں پھیر بدل | 8 جے کے اے ایس افسران کا تبادلہ اور تقرریاں
جموں//جموں و کشمیر انتظامیہ نے اتوار کو سول انتظامیہ کے آٹھ جے کے اے ایس افسران کا تبادلہ کیا ہے۔حکومت کے جاری کردہ ایک حکم نامہ کے مطابق ، کٹرہ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی چیف ایگزیکٹیو آفیسر پریتی شرما کا تبادلہ کر کے پروجیکٹ آفیسر، ویج ایمپلائمنٹ (اے سی ڈی)، جموں کے طور پر تعینات کیا گیا ہے۔سب ڈویڑنل مجسٹریٹ گول گیاس الحق، جو سب رجسٹرار، گول کا اضافی چارج رکھتے ہیں، کا تبادلہ کر کے اسسٹنٹ کمشنر ریونیو رام بن کے طور تعینات کیا گیا ہے۔ڈپٹی سکریٹری ، صنعت و تجارت سرتاج حسین کا تبادلہ کر کے ڈپٹی ڈائریکٹر اسٹیٹس، کشمیر تعینات کیا گیا ہے۔ڈپٹی ڈائریکٹر، ارضیات اور کان کنی، جموں پرویندر کور کا تبادلہ کرکے ایک دستیاب اسامی پر جموں میونسپل کارپوریشن کا سیکریٹری تعینات کیا گیا ہے۔جنرل ایڈمنسٹریشن ڈپارٹمنٹ میں ایڈجسٹمنٹ کے احکامات کی منتظر پروین اختر کو ایک دستیاب آسامی پر ڈائریکٹوریٹ آف ہینڈی کرافٹ اینڈ ہینڈ لوم، جموں میں ڈپٹی ڈائریکٹر (ایڈمنسٹریشن) کے طور پر تعینات کیا گیا ہے۔ای ٹی او، سٹی ایکسائز رینج (نارتھ) جموں ناگیش سنگھ کا تبادلہ کرکے اسسٹنٹ کمشنر پنچایت، سانبہ کے طور پر تعینات کیا گیا ہے۔پروجیکٹ مینیجر آئی ڈبلیو ایم پی ، سانبہ سنیل کمارکو عہدے کے اضافی چارج سے فارغ کیا گیا ہے۔ نورالدین بھٹ، سی ٹی او (انفورسمنٹ) سنٹرل کا تبادلہ اور ڈپٹی ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر، بانڈی پورتعینات کیا گیا ہے۔ڈپٹی کمشنر (سٹامپس) جموں کے دفتر میں اسٹیٹ ٹیکس آفیسر گروپندر سنگھ کا تبادلہ کر کے ڈپٹی ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر پونچھ تعینات کیا گیا ہے۔

 

سرینگر جموں قومی شاہراہ پر ٹرک سے منشیات برآمد | 7کلوگرام پوست جیسا مادہ ضبط، 2افراد گرفتار
ایم ایم پرویز
رام بن//پولیس نے سری نگر جموں قومی شاہراہ پر واقع پولیس تھانہ رامسو کے مین گیٹ کے قریب معمول کی چیکنگ کے دوران جموں کی طرف جانے والے ایک ٹرک اور کار سے 7 کلو گرام پوست کا بھوسا برآمد کرنے کے بعد دو افراد کو گرفتار کیا ہے۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ تھانہ رامسو کی پولیس ٹیم نے ایک ٹرک زیر رجسٹریشن نمبر PBAS07-0661 کو روک کر چیکنگ کے دوران ٹرک ڈرائیور کے قبضے سے 3 کلو گرام پوست کا بھوسا برآمد کیا، اسے موقع پر گرفتار کر لیا گیا۔پولیس نے ڈرائیور کی شناخت ترسیم لال کے طور پر کی ہے جو کہ دھرم پورہ راجہ قادیان گرداس پور، پنجاب کا رہائشی ہے۔اسی طرح اسی ناکے کے دوران ایک سنٹرو کار زیر رجسٹریشن نمبر JK02AC-5989 کو روک کر تلاشی لی گئی، کار کی تلاشی کے دوران 4اور 490 گرام پوست کا بھوسا برآمد ہوا اور کار کے ڈرائیور کی شناخت رشاو ساکنہ ہردومٹھی راجباغ مرہین ، کٹھوعہ کے طور پر ہوئی ، جسے فوری طور گرفتار کر لیا گیا۔پولیس نے بتایا کہ جرم میں ملوث دونوں گاڑیوں کو ضبط کر لیا گیا ہے۔ پولیس نے پولیس تھانہ رامسو میں این ڈی پی ایس ایکٹ کی متعلقہ دفعات کے تحت دو الگ الگ ایف آئی آر درج کی ہیں۔یہ گرفتاری ڈی ایس پی بانہال نثار احمد کھوجا اور ایس ایس پی رام بن موہیتا شرما کی نگرانی میں کی گئی۔

دل کا دورہ پڑنے سے طالب علم کی موت | متعدد سیاسی و سماجی شخصیات کا اظہار دکھ
اشتیاق ملک
ڈوڈہ //ڈوڈہ کے کاہرہ میں ایک مدرسہ کے طالب علم کو دل کا دورہ پڑنے سے انتقال ہو گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق اتوار کے روز محمد رمضان (20)ولد محمد رفیق ماگرے ساکنہ ٹانٹا کو اچانک دل کا دورہ پڑا جس کے فوراً بعد مقامی لوگوں نے اسے ٹروما ہسپتال ٹھاٹھری میں بھرتی کیا جہاں پر ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔ اس کی خبر سنتے ہی مرحوم کے دو قریبی ساتھی بیہوش ہوئے جنہیں فوری طور پر ہسپتال میں بھرتی کیا جہاں پر ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جارہی ہے۔ ادھر متعدد سیاسی و سماجی شخصیات نے اس حادثہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے غمزدہ خاندان کے ساتھ تعزیت کی ہے۔ اپنے الگ الگ تعزیتی پیغامات میں بی ڈی سی چیئرمین کاہرہ فاطمہ چوہدری، ڈی ڈی سی کونسلر معراج الدین ملک و سماجی کارکن آصف اقبال بٹ نے مرحوم کی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اس کی ایصال ثواب کیلئے دعائے مغفرت کی ہے۔

 

ایس پی او نے خود کو گولی مار کر زخمی کا خاتمہ کیا
اشتیاق ملک
ڈوڈہ //ڈوڈہ میں ایک ایس پی او نے اپنی سروس رائفل سے خود کو گولی مار کر خودکشی کی ہے۔ اطلاعات کے مطابق اتوار کی صبح سیشن کورٹ ڈوڈہ میں تعینات گندوہ کے گاؤں النی گنگوتہ سے تعلق رکھنے والا ایس پی او گرمیش سنگھ(46) ولد تیرتھ رام نے اپنی سروس رائفل سے خود کو گولی مار کر خودکشی کر لی۔ اس حادثہ کے فوراً بعد پولیس کی ٹیم موقع پر پہنچی اور مہلک ایس پی او کی لاش کو گورنمنٹ میڈیکل کالج ڈوڈہ منتقل کیا گیا جہاں پر طبی لوازمات مکمل کرنے کے بعد لاش کو آخری رسومات ادا کرنے کے لئے وارثین کے سپرد کیا گیا۔ اس سلسلہ میں پولیس نے معاملہ درج کر کے مزید تحقیقات شروع کی ہے۔

 

ادھم پور میں آٹھواں قومی دستکاری دن منایا گیا
ادھم پور// “آزادی کا امرت مہوتسو” کے ایک حصے کے طور پر ہینڈ لوم ڈیولپمنٹ ڈپارٹمنٹ ادھم پور کی طرف سے یہاں سبھاش نگر میں اسسٹنٹ ڈائرکٹر ہینڈ لوم کے احاطے میں آٹھواں قومی ہینڈلوم ڈے منایا گیا۔پروگرام میں ضلع کے بنکروں/ کاریگروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ انہیں محکمہ کی ترقیاتی اور فلاحی اسکیموں کے بارے میں اپ ڈیٹ کیا گیا جن کا مقصد ان کی سماجی اقتصادی ترقی ہے۔ڈی ڈی سی چیئرپرسن ادھم پور لال چند مہمان خصوصی تھے جبکہ بلاک ڈیولپمنٹ کونسل کے چیئرمین بلوان سنگھ مہمان خصوصی تھے۔اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے، ڈی ڈی سی کی چیئرپرسن نے ہینڈلوم ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے ضلع میں بنکر/ کاریگر برادری کی فلاح و بہبود کے لیے کی جانے والی کوششوں کی تعریف کی۔ انہوں نے ویورز کو مشورہ دیا کہ وہ نئی ٹیکنالوجی کو اپنائیں اور پرانے پٹ لومز کو جدید فلائی شٹل لومز میں تبدیل کر کے نئے ڈیزائن تیار کریں تاکہ مصنوعات کے معیار کو بہتر بنایا جا سکے اور آمدنی میں اضافہ ہو سکے۔شروع میں اسسٹنٹ ڈائرکٹر ہینڈلوم ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ نرسنگ دیال ورما نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا۔ انہوں نے شرکا کو ہینڈلوم ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے لاگو کی جانے والی متعدد ترقیاتی سکیموں کے بارے میں آگاہ کیا تاکہ ویور/ کاریگر برادری کو اپنی اکائیوں کو جدید بنانے اور مہارتوں کو اپ گریڈ کرنے کے قابل بنایا جا سکے۔ انہوں نے انہیں مشورہ دیا کہ وہ پردھان منتری ویور مدرا اسکیم، کریڈٹ کارڈ اسکیم، ایجوکیشن اسکیم، لومز کی خریداری/تزئین و آرائش/جدید کاری کے لیے قرض، شیئر کیپیٹل لون، اور کوآپریٹو سوسائٹیوں کی تشکیل کے فوائد حاصل کریں۔

رام بن میں کویڈ ٹیکہ کاری اور جانچ کا عمل جاری
رام بن// ضلع امیونائزیشن آفیسر رام بن ڈاکٹر سریش کے مطابق محکمہ صحت نے اتوار کو ضلع میں 34 افراد کو کووڈ ویکسین کی خوراکیں دیں۔ پورے ضلع رام بن میں کووڈ پروٹوکول کو نافذ کرنے کے لیے انفورسمنٹ مہم کو جاری رکھتے ہوئے، انفورسمنٹ ٹیموں نے لوگوں سے چہرے کے ماسک پہننے اور جسمانی فاصلہ برقرار رکھنے کے علاوہ اپنے قریبی کویڈ ٹیکہ کاری پر کووِڈ ویکسینیشن کی خوراک لینے کی تاکید کی۔چیف میڈیکل آفیسر رام بن کی طرف سے جاری کردہ روزانہ بلیٹن کے مطابق، محکمہ صحت نے 964 نمونے اکٹھے کیے ہیں جن میں 270 آر ٹی -پی سی آر اور 694 آر اے ٹی نمونے شامل ہیں، اس کے علاوہ ضلع کے مختلف مخصوص ویکسینیشن مراکز پر 34 افراد کو کووڈ ویکسین پلائی گئی ہے۔

 

اکثریت ملی توسٹیٹ سبجیکٹ بحال کریں گے:منجیت سنگھ
پرمنڈل بلاک میں درجنوں افراد کی اپنی پارٹی میں شمولیت
وجے پور// جموں وکشمیر اپنی پارٹی کے صوبائی صدر اور سابق وزیر منجیت سنگھ نے کہا ہے کہ اگر اپنی پارٹی نے جموں وکشمیر کے اندر اگلی سرکار بنائی تو جموں وکشمیر کے شہریوں کے آئینی حقوق کے لئے اسٹیٹ سبجیکٹ قوانین کو بحال کیاجائے گا۔ضلع سانبہ کے بلاک پرمنڈل میں منعقدہ ایک جوائننگ تقریب میں منجیت سنگھ نے کہاکہ اپنی پارٹی جموں وکشمیر کے لوگوں کے حقو ق کا تحفظ کرنے کی وعدہ بند ہے۔انہوں نے کہا’’اگر لوگوں نے ہمیں اقتدار میں آنے کے لئے ووٹ دیا تو ہم جموںوکشمیر میں اسٹیٹ سبجیکٹ کو بحال کریں گے‘‘۔اس دوران نئے ساتھیوں نے بھی اپنی پارٹی میں شمولیت اختیار کی جن کا خیر مقدم کرتے ہوئے منجیت سنگھ نے اْمیدظاہر کی کہ زمینی سطح پر پارٹی کیڈر مزید مضبوط ہوگا۔انہوں نے ورکروں سے کہاکہ وہ متعلقہ علاقوں میں لوگوں کے مسائل ومشکلات کو اْجاگر کریں۔ منجیت سنگھ نے کا کہناتھا’’سماج کے مختلف طبقہ جات کے لوگوں میں مایوسی ہے اور وہ محسوس کر رہے ہیں کہ اْن کے ساتھ دھوکہ ہوا ہے، حکومت ترقیاتی کام کرنے میں ناکام رہی ہے۔ پہلے جو پروجیکٹ شروع کئے گئے تھے، وہ بھی نامکمل ہیں۔ انتظامیہ لوگوں کی توقعات پر کھرا اْترنے میں ناکام رہی ہے، لہٰذا لوگ جموں وکشمیر میں جلد اسمبلی انتخابات چاہتے ہیں‘‘۔لوگ روایتی سیاسی جماعتوں خاص طور سے کانگریس اور بی جے پی کے خلاف ہیں۔ اِن جماعتوں نے مرکز اور جموں وکشمیر میں سالہا سال حکومت کی لیکن وہ لوگوں سے انصاف کرنے میں ناکام رہے۔ بی جے پی نے جموں وکشمیر کا خصوصی درجہ چھین کر ، یہاں کی نوکریاں، اراضی اور قدرتی وسائل کو سب کے لئے کھلا رکھا، اِس سے لوگوں میں احساس ِ بیگانگی بڑھتا جارہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ جلد اسمبلی انتخابات منعقد کر کے لوگوں کا اعتماد بحال کرنے کی ضرورت ہے تاکہ منتخب حکومت بیروکریسی کی جگہ لے اور بیروکریٹس کو جوابدہ بنائے۔منجیت سنگھ نے مزید کہاکہ اپنی پارٹی سبھی خطوں اور دیہات کی یکساں ترقی پر یقین رکھتی ہے۔ انہوں نے ریاستی درجہ کی جلد بحالی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا’’ ہم جموں وکشمیر کے لوگوں کے آئینی حقوق کا تحفظ کرنے کے وعدہ بند ہیں‘‘۔

بابورام کے انتقال پر اعجاز احمد خان کا اظہار ِ تعزیت
ریاسی// اپنی پارٹی نائب صدر اعجاز احمد خان نے ریٹائرڈ کے اے ایس افسر اور معروف سماجی کارکن بابو رام کے انتقال پردْکھ کا اظہار کیا ہے۔ یاد رہے کہ بابو رام کی گزشتہ روز حرکت قلب ہونے سے موت واقع ہوئی ہے۔ غمزدہ کنبے سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے سابقہ وزیر اعجاز احمد خان نے کہاکہ ’’بابو رام کی اچانک وفات سے مجھے بے حد افسوس ہوا، وہ بہت جلدی ہمیں چھوڑ کر چلے گئے‘‘۔ انہوں نے کہاکہ اْن کی موت ریاسی کی عوام کے لئے بہت بڑا نقصان ہے، وہ ایک دیانتدار افسر تھے جنہوں نے زمینی سطح پر خلوص سے کام کیا اور لوگوں کاپیار و اعتماد حاصل کیا۔ انہوں نے آنجہانی کی روح کی شانتی اور سوگواران ِ کنبہ کے لئے صبر وجمیل کی دْعا کی ہے۔