اہم خبریں

راجوری کالج میں پولیس کا آگاہی پروگرام
راجوری//جموں و کشمیر ٹریفک پولیس نے جمعرات کو ملک بھر میں’ ٹریفک ہیکاتھون‘ کے بارے میں ایک بیداری کیمپ کا انعقاد کیا ۔اس بیداری کیمپ کا انعقاد گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج راجوری میں کیا گیا جس میں ڈپٹی ایس پی ٹریفک آفتاب شاہ نے کالج کے طلباء کیلئے ٹریفک قوانین اور ضوابط کے بارے میں آگاہی لیکچر دیا۔انہوں نے جمعہ کو ملک بھر میں منعقد ہونے والی’ ٹریفک ہیکاتھون‘ کے بارے میں بھی تبادلہ خیال کیا جس میں کوئی بھی آن لائن درخواست دے سکتا ہے اور مقابلہ کرنے والوں میں سرفہرست رہنے والوں کو شاندار انعامات دیئے جائیں گے۔ڈپٹی ایس پی ٹریفک راجوری پونچھ رینج آفتاب شاہ نے کہا کہ سڑکوں پر ہونے والے خون خرابے کو کم کرنے کیلئے ٹریفک قوانین اور ضوابط کا صحیح نفاذ اور ان کی پابندی ضروری ہے۔انہوں نے کالج کے طلباء کو مزید بتایا کہ وہ ٹریفک قوانین اور ضوابط کے پیغام کو عام کرنے کے لئے سفیر کا کردار ادا کر سکتے ہیں تاکہ سڑک حادثات کو کم کیا جا سکے۔آفیسر نے کالج کے طلباء سے یہ بھی کہا کہ وہ اس ٹریفک ہیکاتھون میں بڑی تعداد میں حصہ لیں اور اس مقابلے کا ملک گیر تجربہ حاصل کریں۔

کھائی میں گر کر 1شخص لقمہ اجل
سید زاہد
راجوری//ریاسی ضلع کی تحصیل مہورمیں گھاس کٹائی کے دوران ایک شخص کھائی میں گر کر لقمہ اجل بن گیا ۔مقای ذرائع نے بتایا کہ مہور علاقہ کی ایک پہاڑی سے گھاس کٹائی کے دوران ایک شخص پھسل گیا ۔متاثرہ شخص کی شناخت منظور احمد لوہار ولس محمد عبداللہ لوہار سکنہ لوئی پورہ دیول مہور کے طورپر ہوئی ہے ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ مذکورہ شخص کو شدید زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیاگیا جہاں پر ڈاکٹروں نے اس کو مردہ قرار دے دیا ۔دوسری جانب پولیس نے اس سلسلہ میں ایک مقدمہ درج کر کے مزید تحقیقات کا عمل شروع کر دیا ہے ۔

ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی
سرنکوٹ میں پولیس کی کارروائی ،7گاڑیاں ضبط
بختیار کاظمی
سرنکوٹ//جموں وکشمیر پولیس کی جانب سے سرنکوٹ سب ڈویژن میں مختلف مقامات پر ناکوں کے دوران ٹریفک قوانین کیخلاف ورزی کرنے پر 7گاڑیوں کو ضبط کرلیا گیا جبکہ ڈرائیوروں کو قاعدہ کر عمل کرنے کیلئے سختی سے ہدایت جاری کی گئیں ۔ایس ایچ او سرنکوٹ راجویر سنگھ کی قیادت میں لگائے گئے ناکوں کے دوران تیز رفتاری ،ہیلمٹ کے استعمال کیساتھ ساتھ کاغذات و دیگر لورزامات کا بھی معائینہ کیاگیا تاہم اس کارروائی کے دوران سات گاڑیوں کو قاعدہ کیخلاف ورزی کے سلسلہ میں ضبط کر لیا گیا ۔اس دوران پولیس آفیسران نے ڈرائیوروں کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہاکہ ٹریفک قوانین پر سختی کیساتھ عمل کیاجائے جبکہ قاعدہ کیخلاف ورزی کرنے والوں پر سخت کارروائی کا انتباہ بھی جاری کیاگیا ۔

فضل آباد میں ٹریفک حادثہ ،1کی مو ت ،1زخمی
بختیار کاظمی
سرنکوٹ//سرنکوٹ سب ڈویژن میں بتیڑپل علاقہ میں ہوئے حادثے میں ایک شخص کی موت ہوگئی جبکہ دوسرا شدید زخمی ہوگیا ۔مقامی ذرائع نے بتایا کہ فضل آباد سڑک پر ایک موٹر سائیکل کو حادثہ پیش آیا۔انہوں نے بتایا کہ مذکورہ علاقہ میں پہنچتے ہی موٹر سائیکل سوارنے کنٹرول کھو دیا جس کی وجہ سے موٹر سائیکل حادثے کا شکار ہو گیا ۔انہوں نے بتایا کہ اس حادثے میں 2افراد زخمی ہو گئے جن کی شناخت محمد آصف ولد محمد امین عمر 27 سال اور توصیف احمد ولد محمد عباس عمر 18 سال سکنہ فضل آباد چٹی بٹی کے طور پرہوئی ہے۔حادثے کے فور بعد علاقے کے لوگ موقع پر پہنچ گئے اور زخمی افراد کوعلاج معالجہ کیلئے ایس ڈی ایچ سرنکوٹ منتقل کیا بعد ازاں محمد آصف زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا اورمحمد توصیف کو سرنکوٹ میں بنیادی طبی علاج کے بعد گورنمنٹ میڈیکل کالج راجوری منتقل کر دیا گیا۔پولیس اسٹیشن سرنکوٹ میں واقع کے حوالے سے ایک ایف آئی آر زیر نمبر 338 کے تحت مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔

سرنکوٹ کالج میں روڈ سیفٹی پر بیداری پروگرام
بختیار کاظمی
سرنکوٹ//گور نمنٹ ڈگری کالج سرنکوٹ میں این ایس ایس رضا کاروں نے ضلع ٹریفک پولیس کے اشتراک سے روڈ سیفٹی کے بارے میں آگاہی پروگرام کا انعقاد کیا۔ ’ٹریفک ہیکاتھون‘ 2022 کی مناسبت سے منعقدہ تقریب کے دوران ٹریفک ڈی ٹی آئی کاشو شرما اور انسپکٹر امین ٹریفک پولیس ڈیپارٹمنٹ کے دو ریسورس پرسن بھی شامل تھے۔کالج کے پرنسپل پروفیسر خادم حسین نے این ایس ایس یونٹ اور ٹریفک پولیس کی مشترکہ کوششوں کا خیرمقدم کیا اور طلباء میں جانوں اور زخمیوں کو بچانے کے لئے آگاہی پھیلانے کا خیرمقدم کیا۔ پروفیسر خلیق احمد قاضی این ایس ایس پروگرام آفیسر نے اپنے خطاب میں ٹریفک قوانین پر عمل کرنے کی اہمیت اور ٹریفک سے متعلق مسائل کو کم کرنے کے لئے کوششیں کرنے پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے طلباء کو ٹریفک پولیس اور آئی آئی ٹی جموں کے مشترکہ طور پر منعقدہ یو ٹی مقابلے میں حصہ لینے کی ترغیب دی تاکہ اس کو روکنے کے لئے اقدامات تجویز کریں۔اس موقع پر پروفیسر ریاض ،پروفیسر وسیم الحق اور ڈاکٹر سرفراز میر بھی موجود تھے۔

گائی رابطہ سڑک پر تارک کول بچھانے کا مطالبہ
رمیش کیسر
نوشہرہ //نوشہرہ سب ڈویژن کے موہڑہ گائی ننھیال کے مکینوں نے جموں وکشمیر انتظامیہ سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ گائوں میں جانے والی رابطہ سڑک کی جلدازجلد مرمت کی جائے تاکہ ان کی دقتیں کم ہو سکیں ۔مقامی معززین نے بتایا کہ محکمہ دیہی ترقی کی جانب سے کئی برس قبل رابطہ سڑک کی تعمیر عمل میں لائی گئی تھی لیکن زمینی کٹائی کے بعد اس کو مکمل ہی نہیں کیا جارہا ہے جس کی وجہ سے علاقہ کے 80سے زائد کنبوں کودوران آمد ورفت شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ رابطہ سڑک کے نامکمل رہنے کی وجہ سے ملحقہ علاقہ کا پانی لوگوں کی زمینوں و رہائشی مکانات کو متاثر کررہا ہے ۔انہوں نے جموں وکشمیر انتظامیہ سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ رابطہ سڑک کو مکمل کرنے کیلئے متعلقہ حکام کو ہدایت جاری کی جائیں تاکہ ان کی دقتیں کم ہو سکیں ۔

بڈھا امر ناتھ یاترا ور یومِ عاشوراکا کا میاب انعقاد
بہتر تال میل کیلئے پولیس نے معززین کی حوصلہ افزائی کی
منڈی// بڈھا امر ناتھ یاترا چھڑی مبارک اور یوم عاشورہ کی تقریبات میں جموں و کشمیر پولیس اور سیول انتظامیہ پونچھ کے ساتھ بہتر کام کرنے پر ڈی آئی جی پونچھ راجوری رینج ڈاکٹر حسیب مغل (آئی پی ایس) نے منڈی کے معززین کی حوصلہ افزائی کی ۔پولیس کی جانب سے بلاک ڈیولپمنٹ کونسل چیئر مین منڈی شمیم احمد گنائی ،سرپنچ منڈی مبشر حسین بانڈے ،اصغر علی میر، صدر انجمن گلشنِ حسینی پلیرہ شمیم الحسن صدر تنظیم المومنین منڈی،سنیئر صحافی و نائب صدر انجمن تنظیم المومنین منڈی عشرت حسین بٹ کو ڈی آئی جی راجوری پونچھ کی طرف سے ایس ایچ او منڈی مختار علی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے اسناد سے بھی نوزا ۔واضح رہے کہ رواں برس محرم الحرام اور چھڑی یاترا کے تہوار ایک ہی دن تھے جس دوران دونوں مذاہب کے جلوس نکالے گئے ۔اس دوران امن و قانون کو بہتر بنانے میں پولیس اور سیول انتظامیہ کے ساتھ منڈی کے لوگوں نے اپنا بہتر کردار نبھایا تھا جس پر متعلقہ لوگوں کی حوصلہ افزائی کی گئی ۔ان تمام افراد نے ڈی آئی جی رینج کا شکریہ ادا بھی کیا ہے ۔

تھنہ منڈی میں 25ہینڈ پمپ نصب کئے گئے
عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی// سرحدی ضلع راجوری کے سب ڈویزن تھنہ منڈی کے ڈی ڈی سی ممبر ریٹایرڈ کے اے ایس آفیسر عبدالقیوم میر نے گزشتہ دوسالوں کے دوران بلاک تھنہ منڈی میں کم و بیش ایک کروڑ روپے کی لاگت سے تقریباً 25 ہینڈ پمپ نصب کروائے ہیں۔ اس موقع پر ڈی ڈی ممبر عبدالقیوم میر نے کہا کہ الیکشن کے دوران جن جن علاقوں میں انھیں پانی کی قلّت سامنے آئی تھی ان علاقوں میں ترجیحی بنیادوں پر تقریباً 25 ہینڈ پمپ نصب کروا کر لوگوں کی مشکلات کو دور کیا ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ بیشتر علاقوں میں مختلف اسکیموں کے تحت متعدد تعمیراتی کام بھی کروائے گئے ہیں۔ ڈی ڈی سی ممبر عبدالقیوم میر نے حکمراں جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کا شکریہ بھی ادا کیا کہ ان کے دور حکومت میں زمینی سطح پر عوام کے کام ہو رہے ہیں۔ اور لوگوں کو فایدہ مل رہا ہے۔ وہیں ڈی ڈی سی ممبر نے تھنہ منڈی کے راجدھانی علاقہ میں ایک نئے ہینڈ پمپ کیکام کا آغاز کیا ہے جس پر مقامی لوگوں نے ڈی ڈی سی ممبر کا شکر ادا کیا۔

پونچھ میں ٹراما سنٹر قائم کرنے کا مطالبہ
حسین محتشم
پونچھ//سرحدی ضلع پونچھ کے مختلف علاقوں میں پیش آنے والے المناک سڑک حادثات کے بعد یہاں کے شہری ٹراما ہسپتال کی مانگ کر رہے ہیں۔شہریوں کا کہنا ہے کہ پونچھ کے علاقوں میں حادثات پیش آنے کے بعد اکثر زخمیوں جموں،سرینگر، یا بیرون ریاست لے جانا پڑتا ہے کیونکہ ضلع ہسپتال میں سہولیات کا فقدان ہے۔انہوں نے الزام لگایا ضلع انتظامیہ کی مسلسل سڑک حادثات پر نظر رکھنے میں مبینہ ناکامی ہو رہی ہے۔ سماجی کارکن امتیاز سالاریہ نے مطالبہ کیا کہ انتظامیہ ایسے علاقوں میں سہولیات فراہم کرنے میں پوری طرح سے ناکام ہو چکی ہے جن میں اکثر حادثات کا خدشہ رہتا ہے ۔انہوں نے کہاکہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ایک بہترین ٹراما سینٹر قائم کرے تاکہ جب بھی ایسا سانحہ ہو تو وہاں زخمیوں کا علاج معالجہ ہو سکے۔انہوں نے کہا سہولیات نہ ہونے کی وجہ سے ہمارے پاس حادثے کے شدید زخمیوں کو دور دراز جموں منتقل کرنے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں رہتا ہے اور اس عمل میں کافی وقت لگتا ہے اور زیادہ تر زخمی جموں پہنچنے سے پہلے ہی دم توڑ دیتے ہیں۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ پونچھ میں ٹراما سنٹر قائم کیا جائے تاکہ زخمیوں کو سہولیات میسر ہو سکیں ۔

بگیال درہ رابطہ سڑک کٹائی کے بعد عدم توجہی کاشکار
مقامی لوگ بنیادی سہولیات سے محروم ،پروجیکٹ مکمل کرنے کی مانگ
حسین محتشم
پونچھ//سرحدی ضلع پونچھ کی سرحدی پنچایت بگیال درہ میں عرصہ دراز پہلے تعمیر لنک روڈ پر ابھی تک تارکول نہیں بچھائی گئی ہے جس کی وجہ سے عام لوگوں کیساتھ ساتھ کسانوں کو بھی نقصان کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔لوگوںنے ضلع انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ جلد سے جلد سڑک پر تارکول بچھائی جائے تاکہ عام لوگوں کو دوران آمد ورفت سہولیات مل سکیں اور سڑک کا نقصان بھی نہ ہو ۔محمد صدیق نامی ایک مقامی شخص نے بتایا کہ وہ دور دراز اور سرحدی علاقوں کے رہنے والے ہیں لیکن ان کو بنیادی سہولیات فراہم نہیں ہیں۔انہوں نے علاقہ کے عوام کو طبی سہولیات فراہم کرنے کیلئے متعلقہ حکام کو ہدایت جاری کرنے کی اپیل کی ۔غور طلب ہے کہ مذکورہ علاقہ میں رابطہ سڑک کیساتھ ساتھ ڈسپنسری و دیگر بنیادی سہولیات بھی میسر نہیں ہیں ۔مقامی لوگوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ اور جموں وکشمیر انتظامیہ سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ علاقہ میں بنیادی سہولیات فراہم کرنے کیلئے رابطہ سڑک پر تار کول بچھائی جائے ۔