اگلے 24گھنٹوں میں موسم خشک رہنے کا امکان | دُھندلی صبح و ٹھٹھرتی ٹھنڈبرقرار سرینگر میں دوسری بار سب سے کم درجہ حرارت منفی 2.2ریکارڈ

پرویز احمد
سرینگر// وادی کشمیر میں دھند اور سرد موسم کی صورتحال میں فی الوقت کمی کے کوئی آثار نظر نہیں آرہے ہیں کیونکہ سرینگر میں اتوار کو ایک بار پھر کم سے کم درجہ حرارت منفی 2.2 ڈگری تک گر گیا۔محکمہ موسمیات نے بتایا کہ یہ گزشتہ اتوار کے در جہ حرارت کے برابر تھا جو شہر میں اس سیزن کی اب تک کی سب سے سرد رات تھی جو کہ دھند کی لپیٹ میں رہی۔محکمہ نے کہا ہے کہ شبانہ سردی مزید بڑھے گی اور 9اور 10کی درمیانی شب میں برفباری کے امکان کے مدنظردرجہ حرارت میں پھر بہتری آسکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ دسمبر اور جنوری ہی وادی کے سرد ترین 2مہینے ہوتے ہیں اور دونوں مہینوں میں شدید سردی پڑنا کوئی نئی بات نہیں ہے۔ محکمہ کے مطابق قاضی گنڈ میں کم سے کم 2.8 ڈگری، پہلگام میں، پارہ منفی 4.6 پر ٹھہرا اور جنوبی کشمیر کے تفریحی مقام کے لیے یہ معمول سے 1.3 ڈگری سینٹی گریڈ کم تھا۔، کوکرناگ میں منفی 1.0 ، گلمرگ میں منفی 2.5 اور کپوارہ قصبہ میں، پارہ منفی 2.4 ڈگری سینٹی گریڈ پر رہا ۔جموں میں 8.7 ، بانہال میں منفی 0.2 ، بٹوٹ میں 3.0 ، کٹرہ 8.6 اور بھدرواہ میں 1.4 ریکارڈ ہوا۔ لیہہ میں منفی 8.4 ، اور دراس میں پارہ منفی 11.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔محکمہ موسمیات نے پہلے ہی وادی میں 9 سے 10 دسمبر تک ہلکی سے درمیانی برف باری کی پیش گوئی کی ہے۔9 دسمبر (شام) سے 10 دسمبر (سہ پہر) کے درمیان میدانی علاقوں اور زیریں علاقوں ، خاص طور پر کشمیر کے شمالی، شمال مغربی، وسطی حصوں اور جنوبی کشمیر میں درمیانی اور اونچی جگہوں پر ہلکی سے درمیانی برف باری کا امکان ہے۔