عارف بلوچ
اننت ناگ //اکہال کولگام میں انسداد ملی ٹینسی آپریشن بدھ چھٹے دن میں جاری رہا ۔ یہاں پچھلے جمعہ کی سہ پہر کو سیکورٹی فورسز نے جنگل کے گھنے علاقے میں چھپے ہوئے ملی ٹینٹوں کیخلاف آپریشن شروع کیا ہے۔ پولیس نے کہا ہے کہ سیکورٹی فورسز تمام ذرائع بشمول ڈرون اور ہیلی کاپٹروں کو استعمال کر رہی ہیں تاکہ جنگلی علاقے میں دشوار گزار علاقے میں ملی ٹینٹوں کا پتہ لگایا جا سکے۔” آپریشن چھٹے دن میں داخل ہو گیا اور جاری ہے،” ۔انہوں نے کہا کہ وقفے وقفے سے فائرنگ کا تبادلہ ہورہاہے۔اکہال کے جنگلاتی علاقے میں کم سے کم 5ملی ٹینٹوں کی موجودگی کے بارے میں مخصوص انٹیلی جنس اطلاعات کے بعد فوج کی 9آر آر، پولیس اور سی آر پی ایف18بٹا لین نے محاصرے اور تلاشی کی کارروائی شروع کی ہے۔تصادم میں ایک ملی ٹینٹ کی ہلاکت ہوچکی ہے جبکہ6اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔