اڑائی علاقہ کی رابطہ سڑک خستہ حالی کا شکار | عوام پریشان،انتظامیہ سے مرمت کا مطالبہ

حسین محتشم
پونچھ//ضلع پونچھ کی تحصیل منڈی کے آڑائی علاقہ کو جانے والی سڑک کی خستہ حالی سے علاقہ کی کثیر آبادی کو مشکلات کا سامنا ہے۔ سڑک سے گزرنا کافی مشکل ہے کیونکہ یہاں پانی اور کیچڑ ہمیشہ جمع رہتا ہے۔علاقہ کے لوگوں کا کہنا ہے کہ 2014میں آئے سیلاب کے دوران اس سڑک کو ازحد نقصان پہنچا تھا اس کے بعد اتنا وقت گزرنے کے بعد بھی نہ ہی سڑک کی مرمت کی گئی نہ ہی میگڈم بچھایا گیا۔سڑک خستہ حالی سے پریشانان لوگوں کا کہنا ہے کہ مذکورہ سڑک آڑائی گائوں کی واحد سڑک ہے جو مختلف علاقوں کو آپس میں جوڑتی تاہم خستہ حالی کے سبب لوگوں کو سڑک سے گزرنے میں کافی دشواری ہوتی ہے۔سڑک پر بڑے بڑے گڑھے بن گئے ہیں۔بارش کے دوران مذکورہ سڑک پر چلنا پھرنا مشکل ہو جاتا ہے۔ مذکورہ سڑک پر چلنے کے دوران گاڑیاں بھی خراب ہوجاتی ہیں۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ موجودہ وقت میں سڑکوں کا کام شد و مد سے جاری ہے تاہم مذکورہ سڑک کو نامعلوم وجوہات کی بنا پر نظر انداز کیا جارہا ہے۔ انہوں نے انتظامیہ سے سڑک کی تجدید و مرمت اور اسے میگڈامائز کرنے کا مطالبہ کیا۔