اڈیشہ میں دو ٹرینیں پٹری سے اتر گئیں، کم از کم 70مسافر از جان ،350زخمی

نئی دہلی، 2 جون (یو این آئی) اڈیشہ کے بالاسور ضلع کے بہنگا بازار اسٹیشن پر 12841 اپ چنئی شالیمار کورومنڈل ایکسپریس اور 12864 bبنگلورو ہاوڑہ سپر فاسٹ ایکسپریس ایک کے بعد ایک پٹری سے اتر گئیں اور اس حادثہ میں کم از کم 70لوگوں کی موت اور 350افراد زخمی ہوگئے ہیں۔

 

وزیر اعظم نریندر مودی، لوک سبھا اسپیکر اوم برلا نے حادثے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔مسٹر مودی نے اپنے ٹوئٹ میں ’ اڈیشہ ٹرین حادثے میں لوگوں کی موت پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔انہوں نے متاثرہ کنبے سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔ انہوں نے ریلوے کے وزیر اشونی ویشنو سے بات کی اور صورتحال کا جائزہ لیا۔ جائے حادثہ پر امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور متاثرہ افراد کو ہر ممکن مدد فراہم کی جارہی ہے۔

 

مسٹربرلا نے کہا، ” اڈیشہ کے بالاسور میں ہونے والا ہولناک ٹرین حادثہ جس میں بہت سے لوگ ہلاک ہوئے، انتہائی افسوسناک ہے۔ ایشور مرحوم کی روح کو سکون عطا کرے۔ دکھ اور درد کی اس گھڑی میں سوگوار خاندانوں کے ساتھ اپنی گہری تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔ حادثے میں زخمیوں کی صحت یابی کے لیے دعا گو ہوں۔ریلوے بورڈ کے حکام نے بتایا ہے کہ 12841 اپ شالیمار ایکسپریس شام 7 بجے کے قریب پٹری سے اترگئی جس کے چند منٹ بعد 12864 اپ ٹرین آئی اور پٹری سے اترے ڈبوں سے ٹکرا کر وہ بھی پٹری سے اتر گئی۔ اس سے اپ اور ڈاؤن دونوں راستوں پر ٹریفک متاثر ہوا۔ریلوے بورڈ کے چیئرمین اور سی ای او انل کمار لاہوتی فوری طور پر جائے حادثہ کے لیے روانہ ہو گئے ہیں جب کہ ریلوے کے وزیر اشونی ویشنو، مڈگاؤں-ممبئی وندے بھارت ایکسپریس کے افتتاح کے لیے گوا پہنچنے پر حادثے کی اطلاع ملتے ہی واپس دہلی روانہ ہوگئے ہیں اور یہاں سے اڈیشہ جائیں گے۔

 

ریلوے بورڈ کے ذرائع نے بتایا کہ 12841 اپ شالیمار ایکسپریس شام 7 بجے کے قریب پٹری سے اترگئی اور اس کے 7 کوچ دوسری سمت والی پٹری پر الٹ گئے جس کے چند منٹ بعد 12864 اپ ٹرین آئی اور کورومنڈیل ایکسپریس کی پٹری سے اترے ڈبوں سے ٹکرا گئی جس سے اس کے بھی دو کوچ پٹری سے اتر گئے۔ حادثے کے باعث اپ اور ڈاؤن دونوں راستوں پر ٹریفک بند ہے۔ ریلوے حکام نے ہیلپ لائنز کے نمبر بھی مشترک کئے ہیں۔اوڈیشہ حکومت کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ این ڈی آر ایف کے 22 ارکان کی ایک ٹیم اور کٹک جنکشن سے 32 ارکان کی ایک اور ٹیم کو حادثے کے بعد راحت اور بچاؤ کے لیے جائے حادثہ پر بھیجا گیا ہے۔ این ڈی آر ایف کی تین ٹیمیں، اوڈیشہ ڈی آر اے ایف کی چار یونٹس اور 60 ایمبولینسیں روانہ کی گئیں۔وزیر اعلیٰ کے دفتر سے یہ بھی بتایا گیا ہے کہ اس حادثے میں کم از کم 70 لوگوں کی موت ہوئی ہے۔ جبکہ 47 زخمیوں کو بالاسور میڈیکل کالج میں داخل کرایا گیا ہے۔ 132 زخمیوں کو سورو، گوپال پور اور کھانتا پاڑا کے صحت مراکز میں منتقل کیا گیا ہے۔

 

بیجو جنتا دل حکومت میں وزیر پرمیلا ملک، ریاستی حکومت میں اسپیشل ریلیف کمشنر، پولیس کے ڈائریکٹر جنرل (فائر سروس) اور دیگر حکام کو موقع پر بھیجا گیا ہے۔وزیر اعلی نوین پٹنائک کل جائے حادثہ کا دورہ کریں گے۔ریلوے حکام نے ہیلپ لائنز کے نمبر بھی مشترک کیے۔یو این آئی