اڈیشہ المناک ریل حادثہ|| قصورواروں کو بخشا نہیں جائے گا:وزیر اعظم صدر جمہوریہ،نائب صدر، مودی ، اوم برلا، امت شاہ اور سونیا گاندھی کارنج و غم

 ایجنسیز

نئی دہلی// صدر جمہوریہ دروپدی مرمو،نائب صدر جمہوریہ جگدیپ دھنکھڑ، وزیر اعظم نریندر مودی، لوک سبھا اسپیکر اوم برلا، وزیر داخلہ امت شاہ سمیت کئی رہنماؤں نے اس حادثے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ اڈیشہ کے وزیر اعلیٰ نوین پٹنائک، مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی اور تمل ناڈو کے وزیر اعلیٰ ایم کے اسٹالن حادثے کے متاثرین کی امداد اور بچا ؤکے کاموں میں مدد کر رہے ہیں۔ریلوے کے وزیر اشونی ویشنو آج صبح جائے حادثہ پر پہنچے اور راحت اور بچاؤ کام پر توجہ دینے کی ہدایت بھی دی ہے۔

 

 

کمشنر آف ریلوے سیفٹی (ساتھ ایسٹ سرکل) اے۔ ایم چودھری کو حادثے کی تحقیقات کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ تاہم ابتدائی اشارے کے مطابق اس حادثے کے پیچھے انسانی غلطی بھی ہو سکتی ہے۔دریں اثناء وزیر اعظم نریندر مودی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے ہفتہ کی سہ پہر ہندوستانی فضائیہ کے ہیلی کاپٹر میں بالاسور پہنچے۔ وزیر اعظم مودی نے مرکزی وزرا اشونی وشنو اور دھرمیندر پردھان کے ساتھ ٹرین حادثے کی جگہ کا جائزہ لیا۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے جائے واقعہ سے ہی کابینہ سکریٹری اور وزیر صحت سے بات چیت کی۔ انہوں نے زخمیوں اور ان کے اہل خانہ کو سبھی ضروری مدد فراہم کرنے کیلئے کہا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اس بات کا خاص خیال رکھا جانا چاہئے کہ سوگوار خاندانوں کو تکلیف کا سامنا نہ کرنا پڑے اور متاثرہ افراد کو ضروری امداد ملتی رہے۔اس کے بعد وزیر اعظم مودی نے اسپتال میں زخمیوں سے ملاقات بھی کی۔ وزیر اعظم مودی نے کہا کہ انہوں نے جائے حادثہ کا معائنہ کیا ہے۔ حادثہ کافی سنگین ہے۔ قصورواروں کو بخشا نہیں جائے گا۔