یواین آئی
ریاض// سعودی عرب کی وزارتِ حج و عمرہ نے آئندہ موسمِ حج کے لیے اپنی تفصیلی آپریشنل حکمتِ عملی جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سال حجاج کرام کے آرام، رہائش اور نقل و حرکت کے نظام میں نمایاں بہتری لائی جائے گی۔ وزارت کے مطابق مکہ مکرمہ میں پانچ ہزار سے زائد رہائش گاہیں اور چھ سو سے زیادہ خیمے تیار کیے گئے ہیں، جب کہ 300 سے زائد ڈیجیٹل ڈیش بورڈز کے ذریعے خدمات کی مانیٹرنگ کا جدید نظام متعارف کرایا جائے گا۔العربیہ کے مطابق وزارت حج نے بتایا کہ اس کا منصوبہ تین بنیادی ستونوں پر مشتمل ہے۔ جن میں ڈیجیٹل تبدیلی، ادارہ جاتی ہم آہنگی اور فیلڈ سروسز کی کارکردگی میں بہتری شامل ہیں۔ ان ستونوں کے تحت 15 مکمل پروگرامز اور 60 عملی منصوبے وضع کیے گئے ہیں، جو حاجیوں کے سفر کے ہر مرحلے کو، منصوبہ بندی سے لے کر اختتام تک منظم انداز میں محیط کرتے ہیں۔وزارتِ حج و عمرہ نے واضح کیا کہ آئندہ حج کے لیے تیاریوں کا آغاز گذشتہ موسم کے فوراً بعد ہی کر دیا گیا تھا، جس میں مختلف ممالک کے حج دفاتر، تنظیموں، تیسرے شعبے کے اداروں اور سروس فراہم کرنے والوں کے ساتھ قریبی ہم آہنگی شامل ہے، تاکہ پورا نظام مکمل طور پر تیار رہے۔آئندہ حج سیزن میں 300 سے زائد ڈیجیٹل انفارمیشن ڈیش بورڈز کے ذریعے کارکردگی کی درست نگرانی کے لیے ایک مربوط نظام متعارف کرایا جائے گا۔ اس کے ساتھ فیلڈ آپریشنز کی ڈیجیٹلائزیشن بھی کی جا رہی ہے، جس میں مانیٹرنگ و کنٹرول سینٹرز، پروجیکٹ مینجمنٹ، رسک و ایمرجنسی مینجمنٹ، اور بزنس کنٹینیوٹی کے نظام شامل ہیں، تاکہ زیادہ سے زیادہ تیاری اور تیز ترین ردعمل کو یقینی بنایا جا سکے۔وزارت حج نے مزید بتایا کہ وہ کمپنیوں اور سروس فراہم کرنے والوں کے ساتھ تعلقاتِ کار کے جدید ماڈلز تیار کر رہی ہے، تاکہ خدمات کے معیار میں بہتری اور آپریشنل ضوابط کی پابندی کو یقینی بنایا جا سکے۔ اسی کے ساتھ جدید اور متنوع خدماتی پیکجز بھی تشکیل دیے جا رہے ہیں تاکہ حجاج کے تجربے کو مزید سہل اور بامعنی بنایا جا سکے۔ضیوفِ الررحمان کی رہنمائی اور سہولت کے لیے وزارت نے 36 مراکزِ نسک قائم کیے ہیں، جو فوری رہنمائی، سوالات کے جوابات اور سہولت فراہم کرنے کے لیے مخصوص ہیں، جبکہ 300 سے زائد مقامات پر خدمات کی فراہمی کے مراکز بھی قائم کیے گئے ہیں۔وزارت حج کے مطابق آئندہ حج سیزن میں خدمات اور تنظیم کے میدان میں نمایاں ترقی دیکھنے میں آئے گی، خاص طور پر “نسک” ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے ذریعے ڈیجیٹل تبدیلی کو مزید وسعت دی جا رہی ہے۔ نسک اسمارٹ کارڈ کے استعمالات بھی بڑھائے جا رہے ہیں تاکہ جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے نقل و حرکت اور قیام کے انتظام کو منظم کیا جا سکے۔اسی طرح ’نسک‘ ایپ کی خدمات میں بھی توسیع کی جا رہی ہے، جس کے ذریعے 30 سے زیادہ ڈیجیٹل سہولتیں دستیاب ہوں گی۔ بزنس سیکٹر کے لیے نسک کے خصوصی سروس ٹریکس بھی متعارف کرائے جا رہے ہیں۔انسانی وسائل کے شعبے میں وزارت حج نے بتایا کہ وہ 2 لاکھ 50 ہزار سے زائد فیلڈ ورکرز اور رضاکاروں کو تربیت دے رہی ہے۔ اس مقصد کے لیے 3 ہزار سے زیادہ تربیتی پروگرام ترتیب دیے گئے ہیں، جب کہ اس سال حج کے دوران رضاکاروں کی تعداد 36 ہزار تک پہنچنے کی توقع ہے۔