اَفروَٹ میں برفانی تودا گرآیا، پولینڈ کے 2سیاح ہلاک | 2مقامی گائیڈ اور 19سیاحوں کو بچالیا گیا، کچھ زخمی

مشتاق الحسن
ٹنگمرگ// گلمرگ کی افروٹ چوٹی پر برفانی تودے کی زد میں آنے سے کم از کم دو افراد ہلاک ہو گئے۔پولیس کی بھر وقت بچائو کارروائی کے نتیجے میں 19افراد کو بچا لیا گیا جن میں 2 گائیڈ اور 17غیر ملکی سیاح شامل ہیں۔ پولیس نے اس واقعہ کے حوالے سے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا ’’بدھ کی صبح 21 غیر ملکی شہریوں اور 2 مقامی گائیڈز پر مشتمل 3 ٹیمیں اسکیئنگ کے لیے افروٹ گلمرگ گئیں‘‘۔ پولیس بیان کے مطابق تقریباً 12 بجکر 30منٹ پر ایک زبردست برفانی تودہ’ ہاپت کھڈ کونگہ ڈوری ‘سے ٹکرا یا جہاں یہ سکینگ ٹیمیں پھنس گئیں۔پولیس نے بتایا کہ اس جگہ سے تھوڑی دوری پر دیگر بہت سارے لوگ بھی سیر و تفریح کیلئے موجود تھے جنہوں نے پولیس فوری طور پر اطلاع دی۔پولیس نے محکمہ سیاحت کی مشترکہ ریسکیو ٹیموں کو متحرک کیا اور وہ “برفانی تودے‘‘ کی جگہ پر پہنچ گئے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ ریسکیو آپریشن کے دوران، 19 غیر ملکی شہریوں اور 2 مقامی گائیڈز کو بچایا گیا لیکن بدقسمتی سے، 2 غیر ملکی شہری برفانی تودے میں اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے، اور ان کی “لاشیں بھی نکال لی گئی ہیں، جنہیں قانونی طریقہ کار کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔پولیس نے بتایا کہ انہیں ابتدائی طور پر 6افراد کے پھنس جانے کی اطلاع ملی تھی لیکن بعد میں ریسکیو آپریشن کے دوران انہیں تین ٹیموں کی معلومات
فراہم کی گئیں۔ 2مقامی گائیڈ فیاض احمد شیخ اور مشتاق احمد میر ٹنگمرگ کے رہائشی ہیں۔بدقسمتی سے جمہوریہ پولینڈ کے 2 شہری 43سالہ کرزیسلٹوف اور 45سالہ ایڈم گرزیک برفانی تودے میں اپنی جانیں گنوا بیٹھے۔ دونوں غیر ملکیوں کی لاشیں برآمد کر کے قانونی کارروائی کے لیے ہسپتال منتقل کر دی گئی ہیں۔ ایس ایس پی بارہمولہ امود اشوک اور ایس ڈی پی او ٹنگمرگ جاوید احمد لون بچاو آپریشن کی خود نگرانی کر رہے تھے ۔ایس ایس پی بارہ مولہ نے میڈیا کو بتایا کہ رپبلک پولینڈسے تعلق رکھنے والے دو غیر ملکی لقمہ اجل بن گئے جبکہ بچائو کارروائی کے دوران بحفاطت باہر نکالے گئے کچھ سیاح زخمی ہیں جن کا علاج و معالجہ کیا جارہا ہے۔