اَساتذہ کی کارکردگی کی پرکھ طلباء سے فیڈ بیک لینے کا فیصلہ

نیوز ڈیسک

جموں// چیف سیکریٹری ڈاکٹر اَرون کما رمہتا نے دو ایپلی کیشنز کا آغاز کیا جس کی رو سے چھٹی جماعت اور اس سے اوپر کے طلباء اَپنے اساتذہ کی کارکردگی کے بارے میں آن لائن ماہانہ فیڈ بیک دیں گے اور اساتذہ جی پی ایس پر مبنی اَپنی روزانہ حاضری اَنجام دیا کریں گے ۔اِن دو ایپلی کیشنز کے آغاز کرنے سے جموںوکشمیر ملک میں ایسا کرنے والا پہلا خطہ بن گیا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ یہ ایپلی کیشنز اِس بات کو یقینی بنائے گی کہ نچلی سطح سے ان لوگوں کی طرف سے مستند فیڈ بیک آئے جو براہِ راست سیکھنے کے عمل میں شامل ہیں۔اُنہوں نے اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ اعلیٰ سطح پر پیش رفت کی نگرانی کریں تاکہ نتائج میں خاطر خواہ بہتری آئے ۔اُنہوں نے کہا کہ سرکاری شعبے میں اَساتذہ قابلیت اور تربیت کے لحاظ سے بہترین ہیں اور انہیں بہتر نتائج کو یقینی بنانے کے لئے صرف تعلیمی سرگرمیوں پر زیادہ توجہ دینے کی ضرورت ہے۔چیف سیکرٹری نے محکمہ کو مشورہ دیا کہ اساتذہ کی سالانہ کارکردگی رپورٹوں کا تجزیہ کرتے ہوئے اس فیڈ بیک کو ایک معیار بنایا جائے ۔ اُنہوں نے کہاکہ جو اَساتذہ اَچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہیں اور وقت کی پابندی کرتے ہیں اور جو طلباء سے اَچھی رائے بھی لیتے ہیں انہیں محکمہ کی طرف سے انعام دیا جائے ۔اُنہوں نے کہا کہ ایسے اَساتذہ کو کیریئر کی ترقی اور دیگر سفارشات میں ترجیح دی جانی چاہئے۔