جاوید اقبال
مینڈھر //مینڈھر سب ڈویژن کے وائیاں تا چروں گلی کھنیتر رابطہ سڑک پر بلیک ٹاپنگ کا کام ریاستی وزیرجاوید احمد رانا کی خصوصی مداخلت سے اولین فرصت میں شروع کر دیا گیا ہے۔ اس اہم ترقیاتی اقدام پر مقامی عوام، سماجی کارکنان اور تعلیمی اداروں کے عملے نے وزیر موصوف کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا ہے۔علاقہ مکینوں نے کہا کہ سخی میدان کلائی سڑک بند ہونے کے باعث بیشتر گاڑیاں اس وقت اوائیاں، چرون اور گلی کھنیتر کے راستے سے آمد و رفت کر رہی ہیں، جس سے اس سڑک کی اہمیت کئی گنا بڑھ گئی ہے۔ بلیک ٹاپ ہونے کے بعد اس راستے سے سفر کرنے والے عوام کو بڑی سہولت میسر آئے گی اور ٹریفک کی روانی میں بہتری آئے گی۔مقامی تعلیمی اداروں کے اساتذہ اور والدین نے بھی کہا کہ سڑک کی بہتری سے ہائر سکنڈری اسکول کے عملے اور طلباء کو نمایاں سہولت حاصل ہوگی اور کلاسوں کی باقاعدگی متاثر نہیں ہوگی۔عوامی نمائندوں نے کہا کہ جاوید احمد رانا عوام دوست رہنما ہیں جنہوں نے ہمیشہ عوامی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی کوشش کی ہے۔ ان کی کوششوں سے خطے میں کئی ترقیاتی منصوبے مکمل ہو رہے ہیںتاہم، مقامی لوگوں نے وزیر موصوف سے یہ امید بھی ظاہر کی کہ سخی میدان کلائی سڑک کا تعمیری کام بھی جلد از جلد شروع کیا جائے تاکہ وہ بستی، جو اس وقت آمد و رفت میں مشکلات کا شکار ہے، دوبارہ گاڑیوں کی آمد و رفت کے قابل ہو سکے۔