امیت شاہ کے دورے کا شیڈول جاری راجوری میں ہائی الرٹ جاری کیا گیا،سرحدی علاقے سیل

یو این آئی

سرینگر// مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ چار اکتوبر کو دو روزہ دورے پر جموں وکشمیر وارد ہونگے جس دوران وہ راجوری اور بارہ مولہ میں دو عوامی ریلیوں سے خطاب کے علاوہ سرینگر میں سیکورٹی صورتحال کا ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کے دوران جائزہ لیں گے۔ دورے کی تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ چار اکتوبر کو وزیر داخلہ جموں وارد ہونگے۔انہوں نے کہا کہ چار اکتوبرکو امیت شاہ راجوری میں عوامی جلسے سے خطاب کے بعد متعدد تعمیراتی پروجیکٹوں کا سنگ بنیاد رکھیں گے جبکہ صبح کے اوقات میں وہ ویشنو دیوی مندر پر بھی حاضری دیں گے۔اْن کے مطابق پانچ اکتوبر کووزیر داخلہ سرینگر کے راج بھون میں سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیں گے جس میں لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا، فوج ، پولیس اور پیرا ملٹری فورسز کے ساتھ ساتھ سیول انتظامیہ کے آفیسران بھی شریک ہونگے۔

 

انہوں نے کہاکہ اسی روز وزیر داخلہ بارہ مولہ میں عوامی ریلی سے خطاب کریں گے اور سری نگر میں متعدد ڈیلوپمنٹ پروجیکٹوں کا سنگ بنیاد بھی رکھیں گے۔ادھر راجوری میں وزیر داخلہ کی ریلی کے پیش نظر ضلع بھر میں ہائی الرٹ جاری کیا گیا۔ سیکورٹی فورسز نے متعدد علاقوں میں تلاشی آپریشن شروع کیا جس دوران مکینوں کے شناختی کارڈ باریک بینی سے چیک کئے گئے۔ ضلع میں کسی بھی ناخوشگوار واقعے کو ٹالنے کی خاطرسیکورٹی فورسز کو مستعد رہنے کے احکامات صادر کئے گئے ہیں۔ جمعہ کی شام راجوری میں مشکوک افراد کی نقل وحرکت کی اطلاع موصول ہونے کے بعد سیکورٹی فورسز نے کئی علاقوں کو محاصرے میں لے کر جنگجو مخالف آپریشن شروع کیا۔معلوم ہوا ہے کہ سیکورٹی فورسز نے کئی رہائشی مکانات کی تلاشی بھی لی جس دوران مکینوں کے شناختی کارڈ باریک بینی سے چیک کئے گئے۔ ضلع بھر میں سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے لوگوں پر نظر گزر رکھی جارہی ہے۔ راجوری ضلع کے سبھی علاقوں میں سیکورٹی فورسز نے ناکوں کا جال بچھایا جہاں پر ہر آنے جانے والے کی باریک بینی سے تلاشی لی جارہی ہیں۔