امن اور خوشحالی یقینی بنانے کیلئے پرعزم  | منی پورہ میںامیت شاہ کی سیول سوسائٹی تنظیموں کے ساتھ نتیجہ خیز بات چیت

 

یو این آئی

امپھال// مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے منگل کو دعویٰ کیا کہ منی پور کی سیول سوسائٹی سمیت مختلف گروپ امن کے حق میں ہیں اور امن کی یقین دہانی کرا رہے ہیں۔مسٹر شاہ نے کہا کہ انہوں نے منی پور میں خواتین لیڈروں (میرا پیبی) کے ایک گروپ سے ملاقات کی اور منی پور کے سماج میں خواتین کے کردار کی اہمیت کو بھی دہرایا۔ایک سوشل نیٹ ورک پلیٹ فارم پر مسٹر شاہ نے کہاکہ منی پور میں خواتین لیڈروں (میرا پیبی) کے ایک گروپ سے ملاقات ہوئی۔

 

منی پور کے سماج میں خواتین کے کردار کی اہمیت کو دہرایا۔ اس کے ساتھ ہی ہم ایک ساتھ مل کر ریاست میں امن اور خوشحالی کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔” وزیرداخلہ نے کہا ‘‘آج امپھال میں مختلف سیول سوسائٹی کی تنظیموں کے اراکین کے ساتھ نتیجہ خیز بات چیت ہوئی ہے ۔ انہوں نے امن کے تئیں اپنی وابستگی کا اظہار کیا اور یقین دلایا کہ ہم مل کر منی پور میں معمولات زندگی کی بحالی کی راہ ہموار کرنے میں اپنا رول ادا کریں گے ۔

 

مسٹر شاہ نے پیر کو یہاں پہنچنے کے بعد منی پور میں 3 مئی سے جاری تنازعہ کو حل کرنے کے لئے سلسلہ وار بات چیت کی۔یہاں پہنچنے پرانہوں نے گورنر انوسویا یوکی اور منی پور کے وزیر اعلیٰ این بیرن سنگھ، کابینہ کے وزراء اور افسروں سے صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ریاستی افسروں نے بتایا کہ گورنر نے سماج کے تمام طبقات سے ملاقات کی جن میں خواتین کی مختلف تنظیموں کے قائدین، سیول سوسائٹیز اور نامور شخصیات شامل ہیں۔ مرکزی اور ریاستی قائدین اور عہدیداروں کے درمیان مشترکہ میٹنگوں میں حالات کو معمول پر لانے اور ریاست میں جلد از جلد امن قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔