امریکی وفد ہندوستان کا دورہ کرے گا

نئی دہلی//یو این آئی// امریکی سینیٹر جان اوسوف کی قیادت میں ملک کا ایک اقتصادی سیاسی وفد اس ماہ کے آخر میں ہندوستان کے دورے پر پہنچے گا۔امریکی سفارتخانے کے مطابق وفد 30 اگست کو ممبئی پہنچے گا اور 6 ستمبر 2022 کو نئی دہلی سے روانہ ہوگا۔ ریاست جارجیا سے منتخب ہونے والے 35 سالہ مسٹر اوسوف تین دہائیوں میں منتخب ہونے والے سب سے کم عمر امریکی سینیٹر ہیں۔ اس دورے کے دوران مسٹر اوسوف امریکہ اور ہندوستان کے درمیان اقتصادی، سائنسی، ثقافتی اور سیکورٹی تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے کام کریں گے ۔ہندوستان کی آزادی کی 75 ویں سالگرہ کے موقع پر اس دورے کے بارے میں بات کرتے ہوئے سینیٹر اوسوف نے کہاکہ “میرے دورے کا مقصد دونوں ملکوں کے درمیان دوستی کو مضبوط کرنا اور ہندوستانی لیڈروں کی اگلی نسل سے ملنا اور اپنی قوموں کے لیے دوستی کو مضبوط کرنا ہے ۔’’سینیٹر اوسوف نے کہاکہ “ہم جارجیا میں ہندوستانی امریکی کمیونٹی کی نمائندگی کے لیے بھی کام کریں گے ، جہاں ہندوستانی تارکین وطن بڑھ رہے ہیں اور ان سے محبت کی جاتی ہے ۔”ریاست جارجیا میں ایک لاکھ سے زیادہ ہندوستانی نژاد امریکی رہتے ہیں۔ مسٹر اوسوف، سیاست میں آنے سے پہلے ایک صحافی، نے بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے لیے بدعنوانی، جنگی جرائم اور دہشت گردی کی سرگرمیوں کی چھان بین اور ان کو بے نقاب کرنے کے لیے ایک ٹیم کی قیادت کی تھی۔