سرینگر//گورنر این این ووہرا جو امر ناتھ جی شرائین بورڈ کے چئیر مین بھی ہیں ، نے بورڈ کے چیف ایگزیکٹو افسر امنگ نرولہ کے ہمراہ پوتر گپھا ، پنجترنی ، بال تل ، دومیل یاترا کیمپ اور نیل گراٹھ ہیلی پیڈ کا دورہ کیا اور 28 جون 2018 سے شروع ہونے والے یاترا کے انتظامات کا جائیزہ لیا ۔ گورنر کو بال تل ۔ پوتر گپھا ایکسیز کے ٹریک کی اپ گریڈیشن ، سیکورٹی انتظامات اور طبی سہولیات ، شیلٹر شیڈ ، لنگر ، ٹینٹوں ، دوکانوں ، پری فیبریکیٹڈ ہٹوں ، بیت الخلاؤں ، غسل خانوں کی فراہمی کے بارے میں مطلع کیا گیا ۔ گورنر نے فوج ، جے اینڈ کے پولیس ، سی آر پی ایف ، بی ایس ایف ، آئی ٹی بی پی ، این ڈی آر ایف ، ایس ڈی آر ایف کے اعلیٰ افسران کے ساتھ یاترا کے سلسلے میں کئے جا رہے سیکورٹی انتظامات کے بارے میں سیر حاصل بحث کی ۔ گورنر نے پوتر گپھا پر تعینات کیمپ ڈائریکٹر کو ہدایت دی کہ وہ فوج اور پیرا ملٹری سیکورٹی یونٹوں کی مدد سے پوتر گپھا کی ڈھلانوں کا جائیزہ لیں تا کہ کوئی ڈھیلا پتھر یا بولڈر کے گرنے سے یاتریوں کو کسی بھی قسم کی تکلیف نہ پہنچے ۔ گورنر نے پنجترنی بیس کیمپ پر بجلی اور پینے کے پانی کی فراہمی کے علاوہ غسل خانوں اور بیت الخلاؤں کے سلسلے میں کئے جا رہے انتظامات کا معائینہ کیا ۔ گورنر نے دومیل میں Access control gate کا دورہ کیا اوریاتریوں کی حفاظت و سلامتی کی تیاریوں کا جائیزہ لیا ۔ نیل گراٹھ ہیلی پیڈ کا معائینہ کرتے ہوئے گورنر نے یاتریوں کیلئے ویٹنگ ہال و دیگر سہولیات کا جائیزہ لیا ۔
اننت ناگ میں ڈیزاسٹر منیجمنٹ کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا
اننت ناگ//ڈاک بنگلہ کھنہ بل میںکل امرناتھ جی یاترا 2018کی مناسبت سے ڈیزاسٹر منیجمنٹ کی تیاریوں کاجائزہ لینے کے لئے آفیسران کی ایک میٹنگ منعقدہوئی۔ضلع ترقیاتی کمشنر اننت ناگ محمد یونس ملک ،اے ڈی سی اننت ناگ ،اورنیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی کے کنسلٹنٹ ریٹائرڈ بریگیڈر نے لائین محکموں اور ایس ڈی آر ایف نیز این ڈی آر ایف کے نمائندوں کی ایک میٹنگ طلب کی۔میٹنگ میں ایس ڈی ایم پہلگام کے علاوہ دیگر متعلقہ آفیسران بھی موجود تھے۔میٹنگ میںبتایا گیا کہ یاترا کے احسن انعقاد کے لئے ایس ڈی آر ایف اوراین ڈی آر ایف کے اضافی اہلکاروں کی تعیناتی عمل میںلائی جائے گی جب کہ ہوم گارڈس اورسول ڈیفنس کے رضاکاروں کی بھی خدمات حاصل کی جارہی ہے۔اس موقعہ پر ترقیاتی کمشنر اننت ناگ نے یاترا کے خوش اسلوبی سے انعقاد اورکسی امکانی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کے لئے ضروری اقدامات اُٹھانے کی ہدایت دی۔انہوںنے یاتریوں کی سہولیات کے لئے ٹرانسٹ کیمپوں میں تمام معقول انتظامات کے علاوہ صفائی ستھرائی کی طرف خصوصی توجہ دینے کی ضرورت پر زوردیا۔میٹنگ کے دوران این ڈی ایم اے کنسلٹنٹ نے ایک پاور پوائنٹ پرزنٹیشن کے ذریعے ڈیزاسٹر منیجمنٹ کی تیاریوں کے تمام پہلوئوں پر تبادلہ خیال کیا تاکہ خوشگوار موسمی حالات سے نمٹنے کے لئے یاتریوں کی حفاظت کی خاطر اقدامات کئے جاسکیں۔
بال تل میں متعلقہ آفیسران کی میٹنگ منعقد
گاندربل//ضلع ترقیاتی کمشنر گاندربل ڈاکٹر پیوش سنگلا نے کل بیس کیمپ بال تل میںمتعلقہ آفیسران کی ایک میٹنگ طلب کرکے 28جون سے شروع ہونے والی یاترا کے احسن طریقے انعقاد کے لئے کئے جارہے انتظامات کاجائزہ لیا۔میٹنگ کے دوران یاتریوں کے لئے طبی سہولیات ،پینے کے پانی،بجلی،مواصلات،کنٹرول روم کے قیام،فائر ٹینڈر کی دستیابی اور لازمی اشیأ کی فراہمی کے علاوہ بال تل بیس کیمپ اوراس کے گردونواح میں صفائی ستھرائی کو یقینی بنانے کے لئے کئے جارہے انتظامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔حفاظتی انتظامات کا جائزہ لینے کے دوران ترقیاتی کمشنر نے ایس ایس پی کی طرف سے ایک پاور پوائنٹ پرزنٹیشن کے ذریعے سلامتی اقدامات کے بارے میں جانکاری حاصل کی۔انہوں نے سلامتی اقدامات کے لئے ہر ممکن وسائل بروئے کار لانے کی ضرورت پر زوردیا۔انہوںنے تمام متعلقہ آفیسران کو یاترا کے خوش اسلوبی سے انعقاد کے لئے باہمی اورقریبی تال میل کے ساتھ کام کرنے کی تلقین کی۔میٹنگ میںڈی آئی جی سینٹرل کشمیر،ایس ایس پی گاندربل اور ایس پی ٹریفک ریورل کے علاوہ فوج اور سول انتظامیہ کے آفیسران بھی موجود تھے۔