امرناتھ یاترا ٹریک ۔15جون تک بحالی کا کام مکمل ہوگا: بیکن

 نیوز ڈیسک

سرینگر// بارڈر روڈ آرگنائزیشن( بیکن) نے کہا ہے کہ وہ یاترا شروع ہونے سے بہت پہلے 15 جون تک امرناتھ یاترا کا راستہ تیار کر لے گی۔بیکن نے کہا ہے کہ امرناتھ یاترا یکم جولائی سے شروع ہونے والی ہے اور اس سے پہلے روٹ تیار کر لیا جائے گا۔اس دوران یاترا کے راستے سے برف ہٹائی جائیگی، راستے کو چوڑا کیا جائیگا، پلوں کو ٹھیک کر کے ٹوٹی دیواروں کی مرمت کا کام کیا جائیگا۔قبل ازیں بال تل سے گھپا تک سڑک کی دیکھ بھال پبلک ورکس ڈیپارٹمنٹ کے پاس تھی اور چندن واڑی سے گھپا تک پہلگام ڈیولپمنٹ اتھارٹی کرتی تھی۔ اس سڑک کی دیکھ بھال کا کام گزشتہ سال 22 ستمبر کو بارڈر روڈز آرگنائزیشن کے حوالے کیا گیا ہے۔ یکم جولائی سے 31اگست 2023 تک جاری رہنے والی سالانہ امرناتھ یاترا کے دوران انفراسٹرکچر کو مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ عقیدت مندوں کو مناسب سیکورٹی فراہم کرنے پر بھی توجہ دی جارہی ہے۔ امرناتھ یاترا کے دوران400 سیٹلائٹ فون استعمال کئے جائیں گے تاکہ قدرتی آفات یا ہنگامی حالات کے دوران مواصلاتی ضروریات کو پورا کیا جا سکے۔ اس کے ساتھ اسٹیٹ ایمرجنسی آپریشن سینٹر کو بھی مضبوط کیا جائے گا۔ ڈیزاسٹر مینجمنٹ، ریلیف، بحالی اور تعمیر نو کے محکمہ کی ریاستی ایگزیکٹو کمیٹی نے مضبوط ڈیزاسٹر مینجمنٹ کیلئے اسٹیٹ ڈیزاسٹر رسپانس فنڈ میں 28 کروڑ روپے کی رقم مختص کرنے کو منظوری دی ہے۔ یہ رقم متعلقہ ضلع کے ڈپٹی کمشنروں اور ڈویڑنل کمشنروں کے ذریعے فراہم کروائی جائے گی۔