افطاری و سحری کے دوران بجلی کٹوتی | لورن میں سپلائی نظام درہم برہم،صارفین متاثر

عشرت حسین بٹ
منڈی//پونچھ کی تحصیل منڈی کے بلاک لورن میں بجلی کا نظام درہم برہم ہوا ہے اور عوام کو بجلی نہ ہونے کی وجہ سے کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جبکہ ماہ رمضان کے دوران افطاری اور سحر کے وقت عوام موم بتی جلانے پر مجبور ہو گئے ہیں ۔سرپنچ لورن ماسٹر کامران نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ ماہ رمضان سے قبل ہی لورن میں بجلی نظام مفلوج ہو کر رہ گیا تھا اور جب سے ماہ رمضان شروع ہوا ہے نہ ہی لوگوں کو افطاری کے وقت اور نہ ہی سحری کے وقت بجلی سپلائی کی جارہی ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ ماہ رمضان کے پاک مہینے میں جہاں لوگ دن میں روزے سے ہوتے ہیں وہیں پر جب افطاری کا وقت آتا ہے تو بجلی نہیں ہوتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سحری کے وقت بھی عوام کو موم بتی کی روشنی میں سحری کا اہتمام کرنا پڑتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے انہوں نے اور لورن کی عوام نے متعدد بار متعلقہ محکمہ سے رجوع کیا مگر ان کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگتی ۔صارفین اور پنچایتی اراکین نے ضلع انتظامیہ پونچھ سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ علاقہ میں بجلی سپلائی کو یقینی بنانے کیلئے متعلقہ حکام کو ہدایت جاری کی جائیں ۔دوسری جانب متعلقہ حکام نے بتایا کہ لورن میں نصب بجلی ٹرانسفارمر پر لوڈ زیادہ ہونے کی وجہ سے بجلی کا سپلائی نظام متاثر ہورہا ہے ۔انہوں نے یقین دلاتے ہوئے کہا کہ جلد ہی بجلی کے سپلائی نظام کو بہتر بنایا جائے گا ۔