منڈی//سابق ممبر اسمبلی و نیشنل کانفرنس صوبائی یوتھ صدر اعجاز احمد جان نے منڈی کے سرحدی علاقہ ساوجیاں گلی کا دورہ کیا۔ اس موقعہ پر انہوں نے ریاستی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اکتوبر 2016 میں ہندو پاک افواج کے درمیان گولہ باری کے دوران گلی علاقہ میں دکانداروں کی دکانیں خاکستر ہوگئی تھیں اورچار سے زائدگاڑیاں بھی تباہ ہوئیں لیکن اب تک متاثرین کو معاوضہ نہیں دیاگیا۔انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت آئے روز یہ دعوے کرتی ہے کہ اس نے ہر حساب سے عوام کی ترقی کی ہے مگر وہ چھوٹے چھوٹے مسائل حل کرنے میں بھی ناکام ہوگئی ہے ۔انہوںنے کہاکہ اگر عوامی مسائل حل نہیں ہوپارہے تو حکومت کے پاس اقتدار میں رہنے کا کوئی جواز نہیں ۔انہوںنے مقامی وفود کو یقین دلایاکہ ان کے مسائل کو حکام کے نوٹس میں لایاجائے گا۔ان کے ہمراہ بلاک صدر منڈی عبدالاحد بٹ،چوہدری سلیم ،عبدالجبار تانترے، اسماعیل بٹ، بشیر میر، خلیل لون، امتیاز بانڈے، غلام رسول، غلام محمد ،جمال دین اورمحمد عبداللہ بھی تھے۔