اسمبلی انتخابات سے قبل جموں کشمیر کا ریاستی درجہ بحال کیا جائے:الطاف بخاری

نیوز ڈیسک

کیلر(شوپیان)//اپنی پارٹی سربراہ سید الطاف بخاری نے کہا ہے کہ آنے والے اسمبلی انتخابات سے قبل جموں کشمیر کا ریاستی درجہ بحال کیا جائے۔ کیلر بلاک میں عوامی اجتماع سے خطاب کے دوران بخاری نے کہا، “چونکہ مرکزی سرکار وعدہ کرچکی ہے کہ وہ جموں کشمیر کا ریاستی درجہ بحال کرے گی، بہترہے کہ اگر وہ اپنا یہ وعدہ اسمبلی انتخابات کے انعقاد سے پہلے پورا کرے۔” الطاف بخاری نے جیلوں میں نظر بند کشمیری نوجوانوں کو مین سٹریم کے دائرے میں آنے کا موقعہ فراہم کرنے کا مطالبہ بھی کیا ۔ انہوں نے کہا، ” یہاں کے بہت سارے نوجوان فی الوقت جیلوں میں قید ہیں، اپنی پارٹی چاہتی ہے کہ حکومت ان نوجوانوں کو مین سٹریم کے دائرے میں آنے اور ایک پر امن زندگی بسر کرنے کا ایک موقعہ فراہم کرے، اس ضمن میں حکومت ایک کمیٹی قائم کرسکتی ہے، جس میں ان نوجوانوں کے معاملات کا جائزہ لیا جاسکتا ہے۔”انہوں نے کہا، “شوپیان جموں کشمیر کی چند ایسی جگہوں میں شامل ہے، جسے قدرت نے وسائل سے مالا مال کردیا ہے۔ روایتی سیاسی جماعتیں سالہا سال تک حکومت کرتی آئی ہیں،انہوں نے ان وسائل کا استعمال کرنے کی کوئی کوشش نہیں کی، جس سے یہاں کے لوگوں کو خوشحالی میسر آسکتی تھی اور ترقی ہوسکتی تھی، اگر اپنی پارٹی کی حکومت آگئی تو ضلع کی تعمیر و ترقی کا ایک شاندار دور شروع کردیں گے۔”انہوں نے اپنی پارٹی کی پالیسی کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا، “ہماری پالیسی بالکل واضح ہے۔ ہم جموں کشمیر میں دائمی امن، مستقبل خوشحالی اور ترقی کے خواہاں ہیں۔ قدرت نے جموں کشمیر کو بے پناہ وسائل فراہم کئے ہیں۔ ان وسائل کو سائنسی طریقے سے استعمال کرنے کی ضرورت ہے۔ اپنی پارٹی ایسا ہی کرے گی کیونکہ ہماری ساری توجہ تعمیر و ترقی پر ہوگی۔”