ادھم پور میں قیامت ٹوٹ پڑی،تین سگی بہنوں سمیت 4اہل خانہ غرقآب

یو این آئی

جموں //ادھم پور میں تین سگی بہنوں سمیت چار افراد غرقآب ہونے سے علاقے میں کہرام مچ گیا۔معلوم ہوا ہے کہ مقامی لوگوں اور پولیس کی انتھک کوشش کے بعد نالے سے چاروں کی لاشیں برآمد کرکے اْنہیں وارثین کے سپرد کیا گیا۔ رام نگر علاقے میں اْس وقت سراسیمگی دوڑ گئی جب تین سگی بہنوں سمیت چار افراد تالاب میں غرقہ آب ہوئے۔اطلاع ملتے ہی مقامی لوگوں اور پولیس نے ریسکیو آپریشن شروع کیا اور جمعے کی شام کو چاروں کی لاشیں باز یاب کرکے اْنہیں وارثین کے سپرد کیا گیا۔ معلومات کے مطابق چھترا دی میں جمعہ کے روز ایک ہی خاندان کی تین لڑکیوں سمیت چار افراد مویشیوں کو چرانے کی خاطر نالے کی طرف گئے۔

 

معلوم ہوا ہے کہ مذکورہ افراد مویشیوں کو نالے میں نہا رہے تھے کہ اس دوران چاروں پانی میں ڈوب گئے۔عین شاہدین کے مطابق ایک لڑکی پیر پھسل جانے کے نتیجے میں پانی میں ڈوب گئی پھر دوسری اْس کو بچانے کے لئے پانی میں گیا لیکن وہ بھی خود کو سنبھال نہ سکی اور ڈوب گئی، تیسرے نے بھی پانی میں چھلانگ لگا کر اپنی بہنوں کو بچانے کی کوشش کی لیکن وہ بھی غرقہ آب ہوئی اور اسی طرح چوتھے نے بھی ایسا ہی کیا اور اس طرح سے چاروں پانی میں ڈوب گئے۔مقامی لوگوں نے فوری طورپر پولیس کو اطلاع دی جنہوں نے ریسکو آپریشن شروع کیا اور جمعے کی شام تک چاروں کی لاشیں باز یاب کی گئیں۔جوں ہی تین سگی بہنوں سمیت چار افراد کی لاشیں اْن کے آبائی گھر پہنچائی گئیں تو وہاں کہرام مچ گیا، خواتین سینہ کوبی کرنے لگیں۔متوفین کی شناخت نشو دیوی، انجو دیوی، پشپال ولد سومراج اور میناکشی کے بطور ہوئی اور چاروں ایک ہی خاندان سے تعلق رکھتے ہیں۔