اب تک 50000سے زیادہ یاتریوں کی آمد | 40ہزار نے درشن کئے، مزید 9ہزار پہنچ گئے، 5ہلاک ،ایک لاپتہ

بلال فرقانی
سرینگر// حکام نے اتوار کو بتایا کہ اس سال امرناتھ یاترا کے آغاز سے اب تک 5 یاتریوں کی موت ہو چکی ہے، حالانکہ اب تک 40,000 سے زیادہ یاتری گھپا کی درشن کر چکے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وریندر گپتا نام کا یاتری چندن واڑی شیش ناگ راستے سے لاپتہ ہے۔5 مرنے والوں میں سے تین کی موت دل کا دورہ پڑنے سے ہوئی. دہلی کے جئے پرکاش کی چندن واڑی میں، بریلی کے دیویندر طائل (53) کی موت غار میں ہوئی اور بہار کے لیپو شرما (40) کی قاضی گنڈ کیمپ میں موت ہوگئی۔مہاراشٹر کے جگن ناتھ (61) پسوٹوپ میں جان سے ہاتھ دھو بیٹھے جبکہ راجستھان سے آشو سنگھ (46) ایم جی ٹاپ پر گھوڑے سے گرنے سے مر گیا۔اتوار کی صبح 10 بجے تک، 40,233 یاتریوں نے گھپا کا دورہ کیا اور قدرتی طور پر بنی برف شیولنگم کے ‘درشن’ کئے۔یہ یاترا، 30 جون کو شروع ہوئی اور 11 اگست کو اختتام پذیر ہوگی۔دریں اثناء یاتریوں کی ایک اور کھیپ امرناتھ کیلئے روانہ ہوئی ۔ 8,700سے زیادہ یاتریوں کی پانچویں کھیپ اتوار کو جموں بیس کیمپ سے روانہ ہوئی۔ حکام نے بتایا کہ یاتری یہاں بھگوتی نگر یاتری نواس سے 326 گاڑیوں کے قافلے میں روانہ ہوئے۔ انہوں نے بتایا کہ بالتل کی طرف جانے والے 2,618 یاتری سب سے پہلے 121 گاڑیوں میں صبح 3.30 بجے بھگوتی نگر کیمپ سے روانہ ہوئے اور اس کے بعد 205 گاڑیوں کا دوسرا قافلہ 6,155 یاتریوں کو لے کر پہلگام کے لیے روانہ ہوا۔