راجوری//خوراک، شہری رسدات اور امور صارفین و قبائلی امور کے وزیرچوہدری ذوالفقار علی نے آصفہ قتل کیس میں ملوث افراد کو سزائے موت دینے کا مطالبہ دہراتے ہوئے کہا کہ کچھ لوگ معصوم آصفہ کے قاتلوں کی حق میں ترنگا یاترانکال کر جمہوری نظام کا جنازہ نکالنے کی کوشش کررہے ہیں ۔ راجوری ڈاک بنگلہ میں پیپلزڈیموکریٹک پارٹی کارکنان کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ ریاست کے امن وامان کے لئے ایسے لوگ کسی بڑے خطرے سے کم نہیں جو مذہب کے نام لوگوں کو تقسیم کرنے کی کوشش کررہے ہیں ۔ذوالفقارعلی نے کہا کہ گﺅرکشاکے نام پر فسادکرنے والے اور انہیں تحفظ فراہم کرنے والے بھی ملک کی سالمیت کے خلاف ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ خانہ بدوش لوگ جہاں رہتے ہیں وہیں رہیں گے ،انہیں کوئی بھی وہاں سے نکال نہیں سکتا ۔ انہوں کہا کہ وزیر اعلیٰ کی میٹنگ میں جو باتیں ہوئی ہیں وہ من وعن وہی ہیں اوران میں کوئی شک نہیں ، جو لوگ بیرون ممالک سے یہاں پناہ گزین ہیں ،اگر ریاستی سرکار انہیں تحفظ فراہم کرسکتی ہے تو خانہ بدوش طبقہ توایسی ریاست کے باشندے ہیں انہیں کیوں نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اگر خانہ بدوش طبقہ اور آصفہ کے قاتلوں کے خلاف بولنا ملک مخالف ہے تو میں ملک مخالف ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ جو قوانین مویشیوں کی سمگلنگ کے وضع کئے گئے ہیں، وہ آج کے نہیں بلکہ پہلے سے ہی ہیں لیکن گﺅرکشاکے نام پر فسادپھیلانا راہگیروں کی مارپیٹ کرنا ریاستی سالمیت کے لئے کسی بڑے خطرے سے کم نہیں ۔انہوں نے کہا کہ پی ڈی پی مجموعی ترقی میں یقین رکھتی ہے اور اس کے لئے ہر ممکنہ کوشش کررہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تعجب ہے ایسے لوگوں پر جو ایک قاتل کو بچانے کی غرض سے ترنگے کا سہارا لے رہے ہیں اور اس حمام میں ان کا ساتھ موقعہ پرست لیڈران بھی دے رہے ہیں جو نہاےت ہی افسوسناک ہے ۔ انہوں نے ریاستی سرکار اور عدلیہ سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ آصفہ کے قاتلوں کوکیفرکردار تک پہنچانے میں سرعت لائیں تاکہ آئندہ اس طرح کے لوگ انسانیت کو شرمسار کرنے کی جسارت نہ کرپائیں۔دریں اثناءچوہدری ذوالفقار علی نے کہا ہے کہ حکومت صارفین کے حقوق کو تحفظ دینے اور ان کی پاسداری کرنے کی وعدہ بند ہے۔وزیر نے ان باتوں کا اظہار لیگل میٹرالوجی محکمہ کے ورکنگ سٹنڈرڈ لیب کا افتتاح کرنے کے بعد ایک تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔جے اینڈ کے ہاو¿سنگ بورڈ محکمہ کی جانب سے ایک سال کی مدت کے اندر اس لیب کو80 لاکھ روپے کی لاگت سے تعمیر کیا گیا ہے۔اس موقعہ پر ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری ڈاکٹر شاہد اقبال چوہدری، ایس ایس پی راجوری یوگل منہاس، کنٹرولر ایل ایم ڈی آر کے کٹوچ، اے ڈی ڈی سی ،اے ایس چِب اے ڈی سی کوٹرانکہ شفیق احمد، ڈپٹی کنٹرولر منوج پربھاکر، اسسٹنٹ کنٹرولر ایل ایم ڈی راجوری پُشکر راج اورضلع انتظامیہ کے دیگر افسران اس موقعہ پر موجود تھے۔لیگل میٹرالوجی محکمہ کی جانب سے منعقد کی گئی تقاریب کا ذکر کرتے ہوئے وزیر موصوف نے کہا کہ محکمہ تاجروں کی طرف سے استعمال کئے جارہے ناپ تول کے پیمانوں کو صحیح ڈھنگ سے استعمال کرنے کی نگرانی کرتا ہے۔وزیر نے ڈی ڈی سی راجوری کو ہدایت دی کہ وہ نئی عمارت کو دیوار بندی کا کام جلد از جلد مکمل کرائیں اور محکمہ کی جانب سے چلائے جارہے عوامی قوانین پر سختی سے عمل درآمد کیا جائے تا کہ صارفین کے حقوق کو تحفظ فراہم کیا جاسکے۔