آسمانی بجلی گر نے سے ریاسی اور راجوری میں رہائشی مکانات کو نقصان جموں میں تیز آندھی کی وجہ سے درخت گر جانے سے خاتون زخمی ،گرمی میں کمی

نیوز ڈیسک
جموں//ٹنل کے آر پار بارشوں اور ہلکی برفباری کے بعد جموں صوبے میں بھی سردی کی لہر واپس لوٹ آئی ۔ اسی دوران بارشوں اور آسمانی بجلی گر جانے کے نتیجے میں ریاسی اور راجوری میں رہائشی مکانات کو نقصان پہنچ گیا ہے ۔ ادھر جموں میں تیز آندھی کی وجہ سے درخت گر جانے سے ایک خاتون زخمی ہو گئیں۔ تفصیلات کے مطابق ٹنل کے آر پار وسیع پیمانے پر ہوئی بارشیں اور بالائی علاقوں میں ہلکی برفباری کے بعد جموں خطے میں سردی کی لہر واپس لوٹ آئی ہے ۔ سردی کی لہر واپس لوٹ آنے کے ساتھ ہی لوگوں نے گرم ملبوسات کا استعمال دوربارہ شروع کیا ہے ۔ اسی دوران معلوم ہو اہے کہ بارشوں اور آسمانی بجلی گر آنے کے ساتھ ہی کئی مکانات کو نقصان پہنچ گیا ہے ۔ معلوم ہوا ہے کہ راجوری میں بجلی گرنے سے ایک مکان کو نقصان پہنچا جبکہ ریاسی میں پتھر گرنے سے مکان کے ایک حصے کو نقصان پہنچا۔بتایا جاتا ہے کہ کل رات بجلی گرنے سے راجوری ضلع کے گنڈی (نلی مال) علاقہ میں علی محمد ولد شکور دین پٹھان کا مکان مکمل طور پر خاکستر ہوگیا۔ آسمانی بجلی گرنے سے ان کے مویشی بھی مر گئے۔ اسی طرح ضلع ریاسی کے علاقے جمسلان میں محمد شفیع ولد غلام محمد نامی شخص کے مکان کے ایک حصے پر پتھر گرنے سے نقصان پہنچا۔بتا یا جاتا ہے کہ مسلسل ہو رہی بارش کی وجہ سے ضلع ریاسی میں قومی شاہراہ پر واقع سولا پارکبرادھاری روڈ کو نقصان پہنچا ہے۔ سڑک کا ایک بڑا حصہ دھنس گیا جس کے بعد اسے احتیاطی تدابیر کے طور پر گاڑیوں کی آمدورفت کیلئے بند کر دیا گیا جبکہ ریاسی روڈ سے ٹریفک آسانی سے چل رہی تھی۔ جموں ضلع میں سہ پہر تیز ہواؤں کی وجہ سے کچی چھاؤنی میں واقع جے ڈی اے پارکنگ سائٹ پر ایک پرانا درخت گرنے سے ایک خاتون زخمی اور کئی کاروں کو نقصان پہنچا۔