آئین مقدس کتاب ، اصول واضح جموں کشمیر میں73ویںیوم دستور کی تقریبات

  آئیے مضبوط ہندوستان کی تعمیر کا عہد کریں: لیفٹیننٹ گورنر

جموں// لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے سنیچر کو آئین کو اپنانے کی 73 ویں سالگرہ کے موقع پر یوم دستور کی تقریبات کا افتتاح کیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے اس موقع پر لوگوں کو گرمجوشی سے مبارکباد پیش کی اور آئین کے بانیوں کو عاجزانہ خراج عقیدت پیش کیا۔انہوں نے کہا “ہمارا آئین مقدس کتاب ہے اور اس میں ابدی اقدار شامل ہیں جو ہمارے رہنما اصولوں کے طور پر برقرار ہیں‘‘۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا’’ آئیے ہم سب ان اقدار کو برقرار رکھنے اور ایک مضبوط ہندوستان کی تعمیر کے لیے اپنے بنیادی فرائض کو پورا کرنے کا عہد کریں۔

 

اس موقع پر، لیفٹیننٹ گورنر نے افسران پر زور دیا کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ معاشی ترقی کے فوائد غریب ترین غریبوں اور جموں و کشمیر کے دور دراز علاقوں میں رہنے والوں تک پہنچیں۔لیفٹیننٹ گورنر کی جانب سے یوم دستور کاآغاز کرنے کے بعد جموں کشمیر میں صوبائی اور سبھی اضلاع میں خصوصی تقریبات کا آغاز ہوا۔ڈپٹی کمشنروں کی جانب سے ضلع سطح پر سرکاری عملے کو آئین کی پاسداری کا حلف دلایا گیا۔اس موقعہ پر مختصراً عملے کو آئین پر چلنے اور اسکے اصولوں کے بارے میں آگاہی دی گئی۔اس دوران پولیس نے بھی ضلع سطح پر یوم دستور کی تقریبات منعقد کیں۔سبھی ڈسٹرکٹ پولیس لائنز اور پولیس تھانوں میں پریڈ کی گئی اور آئین پر چلنے کا عہد کیا گیا۔ اسکے علاوہ فوج اور نیم فوجی دستوں نے بھی اپنے کیمپوں میں اسی طرح کی تقریبات کا اہتمام کیا جہاں خصوصی مارچ پاسٹ کیا گیا۔وادی کے سبھی تعلیمی اداروں میں بھی صبح کے وقت تقریبات منعقد کی گئیں اور بچوں کو آئین کی جانکاری ، اسی افادیت اور اس پر چلنے کے بارے میں بتایا گیا۔