۔79دنوں بعد کورونا معاملات کی تعداد27

پرویز احمد
سرینگر //جموں و کشمیر میںکورونا متاثرین کی تعداد میں اضافہ کا سلسلہ بدسطور جاری ہے ۔ سنیچر کو جموں و کشمیر میں 79دنوں کے بعد کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 25سے پار ہوگئی ہے۔ پچھلے 24گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کی تشخیص کیلئے 10ہزار 325ٹیسٹ کئے گئے جن میں 4مسافروں سمیت مزید 27افراد کی ررپورٹیں مثبت آئی ہیں۔ اس سے قبل 10اپریل کو جموں و کشمیر میں کورونا وائرس سے 30افراد متاثر ہوئے تھے۔ متاثرین کی مجموعی تعداد4لاکھ54ہزار 469ہوگئی ہے۔ اس دوران جموں و کشمیر میں مسلسل 41ویں دن بھی کورونا وائرس سے کسی کی موت نہیں ہوئی ہے۔ متوفین کی مجموعی تعداد 4752بنی ہوئی ہے۔ محکمہ صحت کی جانب سے فراہم کئے گئے اعداد و شمار کے مطابق جموں و کشمیر کے 16اضلاع میں کسی کی رپورٹ مثبت نہیں آئی ہے جبکہ دیگر 4اضلاع میں 27افراد کو مثبت قرار دیا گیا ہے۔ مثبت قرار دئے گئے27افراد میں جموں صوبے میں19جبکہ کشمیر میں 8افراد کو مثبت قرار دیا گیا ہے۔ کشمیر صوبے کے 8اضلاع جن میں بارہمولہ، پلوامہ، اننت ناگ، بانڈی پورہ،کپوارہ، گاندربل ، کولگام اور شوپیان میں کسی کی رپورٹ مثبت نہیں آئی ہے جبکہ دیگر 2اضلاع میں 8افراد کو مثبت قرار دیا گیا ہے۔ کشمیر میں مثبت قرار دئے گئے8افراد میں سرینگر ضلع میں7جبکہ ایک کی رپورٹ بڈگام میں مثبت آئی ہے۔ متاثرین کی مجموعی تعداد 2لاکھ 87ہزار 839ہوگئی ہے۔ اس دوران کشمیر میں مسلسل 39ویں دن بھی کورونا وائرس سے کسی کی موت نہیں ہوئی ہے۔ متوفین کی مجموعی تعداد 4752بنی ہوئی ہے۔ جموں صوبے میں متواتر طور پر کورونا متاثرین کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔ جموں صوبے کے 8اضلاع جن میں ادھپور، ڈوڈہ، راجوری، پونچھ، کٹھوعہ ،کشتواڑ، رام بن  اور ریاسی میں کسی کی رپورٹ مثبت نہیں آئی ہے جبکہ دیگر 2اضلاع میں 19افراد کو مثبت قرار دیا گیا ہے۔ جموں صوبے میں مثبت قرار دئے گئے 19افراد میں 3بیرون ریاستوں سے سفر کرکے واپس لوٹے جبکہ دیگر 16افراد مقامی سطح پر رابطے میں آنے کی وجہ سے متاثر ہوئے ہیں۔ جموں صوبے میں متاثر ہونے والے19افراد میں ضلع جموں میں18جبکہ ایک سانبہ میں متاثر ہوا ہے۔ جموں صوبے میں متاثرین کی مجموعی تعداد 1لاکھ 66ہزار 630ہوگئی ہے۔ اس دوران جموں صوبے میں مسلسل 62ویں دن بھی کسی کی موت نہیں ہوئی ہے۔ متوفین کی مجموعی تعداد 2328بنی ہوئی ہے۔