جموں//حکومت نے 7سینئر افسران کے تبادلے اور تقرریاںعمل میں لائیں جبکہ کچھ افسران کو اضافی چارج بھی دیئے گئے ہیں۔محکمہ عمومی انتظامی کی طرف سے اس سلسلے میں جاری ہونے والے حکم نامہ کے مطابق پرنسپل سیکریٹری اطلاعات ،ٹیکنالوجی بپل پاٹھک، جو پرنسپل سیکریٹری سائنس وٹیکنالوجی ، سی ای اوجکیڈاکا اضافی چارج سنبھال رہے تھے ، کا تبادلہ کرکے پرنسپل سیکریٹری سائنس و ٹیکنالوجی کے عہدے پر تعینات کیاگیاہے۔وہ محکمہ سوشل ویلفیئر کے انتظامی سیکریٹری کا چارج بھی سنبھالیں گے اور اگلے احکامات تک اپنے فرائض کے علاوہ چیف ایگزیکٹو آفیسر جکیڈا کا چارج بھی برقرار رکھیں گے۔محکمہ سماجی بہبود کے پرنسپل سیکریٹری شیلندر کمار، جو انتظامی سکریٹری محکمہ تعمیرات اور قبائلی امور کے محکمہ کا اضافی چارج سنبھال رہے تھے ، کا تبادلہ کرکے انہیں محکمہ تعمیرات کے پرنسپل سکریٹری کے عہدے پر تعینات کردیا گیا ہے۔سکریٹری منصوبہ بندی ایم راجو، جو انتظامی سکریٹری پروٹوکول ، اسٹیٹس ، شہری ہوا بازی اور جل شکتی محکموں کا اضافی چارج سنبھال رہے ہیں ، کو تبدیل کرکے سکریٹری جل شکتی کے عہدے پر تعینات کیا گیا ہے۔ اگلے احکامات تک وہ اپنے فرائض کے علاوہ انتظامی سیکریٹری اسٹیٹس اور سول ایوی ایشن کے محکموں کا چارج بھی سنبھالیں گے۔انتظامی سیکریٹری ڈیزاسٹر منیجمنٹ سمرندیپ سنگھ، جن کے پاس انتظامی سیکریٹری محکمہ خوراک اور سیکریٹری عوامی شکایات کا اضافی چارج بھی تھا، اگلے احکامات تک انتظامی سکریٹری پلاننگ ، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور چیف ایگزیکٹو آفیسر جگیگا کے کا چارج بھی دیکھیں گے۔اسی طرح سے انتظامی سیکریٹری یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس سرمد حفیظ اگلے احکامات تک اپنے فرائض کے علاوہ انتظامی سیکریٹری سیاحت اور ثقافت کے محکموں کا چارج سنبھالیں گے۔ڈائریکٹر جنرل سوشل ویلفیئر کشمیر رخسانہ غنی کا تبادلہ کرکے انتظامی سکریٹری ہاسپٹلٹی اور پروٹوکول تعینات کیا گیا ہے۔ وہ 31ستمبر 2020 کو ریوا کماری کی سبکدوشی پر انتظامی سکریٹری اے آر آئی ٹریننگ کا اضافی چارج بھی سنبھالیں گی۔دریں اثنا ڈائریکٹر جنرل سوشل ویلفیئر جموں ریحانہ بتول کو تبدیل کر کے انتظامی سکریٹری قبائلی امور کے محکمہ کے عہدے پر تعینات کردیا گیا ہے۔کمشنر سکریٹری محکمہ ثقافت زبیر احمد ،انتظامی سکریٹری جن کے پاس محکمہ سیاحت کا چارج بھی تھا،کوجموں و کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ ، پبلک ایڈمنسٹریشن (آئی ایم پی اے) اور رورل ڈیولپمنٹ کے ڈائریکٹر جنرل کے عہدے پر تعینات کیاگیاہے۔