عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//محکمہ صحت اور طبی تعلیم نے مرکز کے زیر انتظام علاقے کے مختلف صحت مراکز پر مفت دستیاب ہونے والی ادویات اور ٹیسٹ کی فہرست جاری کی ہے۔ محکمہ صحت کے جاری کردہ بیان کے مطابق کم از کم 65 ادویات اور 38 ٹیسٹ اب جموں و کشمیر کے پرائمری ہیلتھ سنٹرز اور ذیلی مراکز میں مفت دستیاب ہوں گے۔نیشنل ہیلتھ مشن جموں وکشمیر نے صحت اور طبی بہبود کے مراکز میں ادویات اور تشخیص کی تعداد بڑھانے کی تجویز پیش کی تھی اور اس فہرست کی جانچ اور سفارش کرنے کے لئے ایک کمیٹی تشکیل دینے کی تجویز بھی دی تھی۔حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ کمیٹی کی طرف سے پیش کردہ سفارشات کی بنیاد پر مفت ادویات اور ٹیسٹ کی فہرست جاری کی جاتی ہے اور یہ جموں و کشمیر کے پرائمری ہیلتھ سینٹرز اور سب سینٹر پر دستیاب ہوں گے۔