۔5ماہ قبل سرحد پار کرجانے والا نوجوان پاکستان نے واپس بھیج دیا

 
پونچھ //پونچھ کے سرحدی علاقے جھلاس سے تعلق رکھنے والے ایک نوجوان کو پاکستانی فوج نے واپس بھیج دیاہے جو 5ماہ قبل حد متارکہ عبور کرکے پاکستان چلاگیاتھا۔اس نوجوان کی شناخت الیاس محمد ولد میر محمد کے طور پر ہوئی ہے ۔الیاس 11دسمبر 2018کوگھر سے لاپتہ ہوگیا اور 13دسمبر کو اس کی ایک پاکستانی سوشل میڈیا پلیٹ فارم سے ویڈیو وائرل ہوئی جس میں اسے حد متارکہ کے اُس پار ایک گائوں میں دیکھاگیا۔تاہم اسے جمعہ کے روز پاکستانی فوج نے واپس اپنے وطن بھیج دیا۔ ذرائع نے بتایاکہ لڑکے کو چکاں داباغ کے راستے کراسنگ پوائنٹ سے واپس بھیجاگیاہے۔ ایس ایس پی پونچھ رمیش انگرال نے بتایاکہ لڑکے کو فوج کی طرف سے پولیس کے حوالے کیاگیاہے اور طبی و قانونی لوازمات کی ادائیگی اسے اپنے اہل خانہ کے سپرد کیاجارہاہے ۔ڈپٹی کمشنر پونچھ راہل یادو نے بتایاکہ اس بچے کے اُس پار چلے جانے کے بعد اس کے والدین نے انتظامیہ سے اسے واپس لانے میں مدد دینے کی اپیل کی اور وہ اس کے بعد مسلسل اُس پار انتظامیہ سے رابطہ میں تھے اور آج بچے کو واپس لایاگیاہے ۔نوجوان کے والد نے پولیس اور انتظامیہ کا اسے واپس لانے پر شکریہ ادا کیاہے ۔بتایاجارہاہے کہ لڑکا ذہنی طور پر مریض ہے ۔