سرینگر//سردیوں کے شہنشاہ ’’ چلہ کلان ‘‘ کے اقتدار کی40روزہ مدت آج سے شروع ہورہی ہے۔عمومی طور پر چلہ کلان میں شدید سردی کا کمال دکھائی دیتا ہے لیکن امسال دسمبر کے اوائل سے ہی شدید سردی نے ڈھیرے ڈالے اور منفی درجہ حرارت نے10سال کا ریکارڈ بھی توڑ دیا ۔ درجہ حرارت میں معمولی بہتری کے بارے میںمحکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 21 اور 22 دسمبر کو ہلکی بارشیں اور ہلکی و درمیانہ درجے کی برفباری ہوسکتی ہے جس کا زیادہ تر اثر لداخ اور کشمیر کے پہاڑی علاقے نیز پیر پنچال کے بالائی علاقوں پر ہوگا۔محکمہ کا مزید کہنا ہے کہ دسمبر کے آخیر تک وادی میں بھاری برفباری کا کوئی امکان نہیں ہے۔ البتہ پیر کو وادی کے دوردراز علاقوں میں کچھ مقامات پر ہلکی برفباری ہوسکتی ہے۔فی الوقت جموں، کشمیر اور لداخ کو شدید سردی کی لہر نے مکمل طور پر اپنی لپیٹ میں لیا ہے۔البتہ محکمہ موسمیات کی پیش گوئی سے قبل درحہ حرارت میں معمولی بہتری آئی ہے۔سنیچر اور اتوار کی درمیانی شب سرینگر میں درجہ حرارت منفی 6.2ڈگری سیلسیس درج کیا گیا۔اس سے قبل جمعرات اور جمعہ کی درمیانی رات درجہ حرارت منفی 6.6ریکارڈ کیا گیا جو اب تک کا سب سے کم درجہ حرارت تھا۔ادھر شدید سردی کی وجہ سے جھیل ڈل کی سطح اور دیگر آبی ذخائر منجمد ہوئے ہیں ۔ وادی کے کم و بیش سبھی علاقوں میں نل جم گئے ہیں اور دیہات میں قدرتی آبی ذخائر بھی مکمل طور پر جمے ہوئے ہیں۔شدیدٹھنڈ جاری رہنے کے ساتھ ساتھ اگرچہ دن میں بے جان ہلکی دھوپ نکل آتی ہے ۔ گلمرگ میں گذشتہ رات کے دوران درجہ حرارت منفی7.5تھا جو اس سے قبل کی رات9.2ڈگری رہا۔ پہلگام میں منفی7.7تھا جو اس سے قبل کی رات9.5ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔قاضی گنڈ میں گذشتہ شب منفی 5.7 ،کپوارہ میں5.6 اورکوکر ناگ میں منفی5.3ریکارڈ کیا گیا۔
گریز میں برفانی طوفان
2 گاڑیوں میں سوار مسافروں کو بچا لیا گیا
نیوز ڈیسک
سرینگر// بانڈی پورہ گریز شاہراہ پر برفانی طوفان میں پھنسے مسافروں کو بیکن اہلکاروں نے بچا لیا ہے ۔ بانڈی پورہ گریز شاہراہ پر گزشتہ روز برفانی طوفان آیا جس کے نتیجے میںدو گاڑیوں میں سوار مسافر اس طوفان میں پھنس گئے ۔ تاہم محکمہ بیکن کے عملے کو برقت اس واقعہ کی اطلاع ملی جنہوں نے مسافروں کو بچا کر ایک بڑے حادثہ کو ٹال دیا۔بیکن کے اہلکار وں نے گریز جارہی 2سومو گاڑیوں میں سوار مسافروں کو رازدان پاس پر اس وقت بچا لیا جب انکی گاڑیاں بوفانی طوفان میں بری طرح پھنس گئے۔ مسافروں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا اور پھر برف میں پھنسے دو گاڑیوں کو بغیر کسی نقصان کے بحفاظت باہر نکالا گیا ۔