۔40بستروں پر مشتمل کیجولٹی بلاک ضلع ہسپتال پلوامہ میں تعمیر کی منظوری

مشتاق الاسلام

پلوامہ//محکمہ صحت نے چیف میڈیکل افسر پلوامہ کی سفارشات پر عمل کرتے ہوئے 2 کروڑ 42 لاکھ روپئے کی لاگت سے 40 بستروں والے کیجولٹی بلاک تعمیر کرنے کو منظوری دی ہے۔ یہ فیصلہ 2024 کے آرڈر نمبر 26 DHSK کے تحت جاری کردہ حکم کے ذریعے کیا گیا جو اسکیم کوڈ HMESS2425100273 کے تحت اس اہم پروجیکٹ کے نفاذ کی تصدیق کرتا ہے۔میڈیکل سپرانٹنڈنٹ ضلع ہسپتال پلوامہ عبدالغنی ڈار کا کہنا ہے کہ اس پروجیکٹ کی منظوری کئی شرائط کے ساتھ مشروط ہے، جن کا مقصد تعمیراتی طریقہ کار اور حفاظتی معیارات کی مکمل تعمیل کو یقینی بنانا ہے۔انہوں نے کہا کہ تعمیراتی سرگرمیوں کا آغاز مجاز اتھارٹی سے تکنیکی منظوری حاصل کرنے کے بعدمٹی برداشت کرنے کی صلاحیت کا ٹیسٹ کرانا، جس کی جانچ انجینئرنگ حکام کریں گے اورپروجیکٹ کا سپرانٹنڈنگ انجینئرسرکل پلوامہ کی جانب سے پیش کردہ تفصیلی پروجیکٹ رپورٹ (DPR) کے مطابق ہونا ہے۔ڈار کے مطابق منظوری میں زلزلے کے خلاف مزاحمت کیلئے انجینئرنگ کے طریقوں کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا۔ اس پروجیکٹ کی تکمیل کا ہدف مارچ 2027 تک رکھا گیا ہے، جو کہ فنڈ کی دستیابی پر منحصر ہے۔عملدرآمد کرنے والی ایجنسی کو منصوبے کی پوری مدت کے دوران فوٹوگرافی کے ثبوت محفوظ رکھنے اور جنرل فائنانشل رولز (GFR-17) اور سنٹرل ویجی لنس کمیشن (CVC) کے رہنما خطوط کی پیروی کرنے کی ضرورت ہوگی۔یہ توسیع پلوامہ میں صحت کی دیکھ بھال کی سہولیات میں نمایاں بہتری کا باعث بنے گی اور مقامی لوگوں کو بہترخدمات فراہم کرے گی۔ڈاکٹر عبدالغنی ڈار نے یہ بات زور دیکر کہی کہ اس دیرینہ مانگ کی منظوری سے پلوامہ کے عوام کو واقعی بہترین سہولیات دستیاب رہیں گی۔کیونکہ ضلع ہسپتال پلوامہ کی کیجولٹی میں بستروں کی کمی کے باعث مریضوں کو مشکلات کا سامنا درپیش تھا۔انہوں نے کہا کہ کیجولٹی بلاک کیلئے ایک کروڑ کی رقم واگزار بھی ہوئی ہے اور سرکاری لوازمات کے بعد اس پر جلد ہی کام شروع کیا جائے گا۔