جموں //حکومت ہماچل پردیش اور پنجاب میں درماندہ جموں وکشمیر کے 15ہزارمزدورپیشہ افراد کو واپس لانے کے اقدامات کررہے ہیں جبکہ پچھلے 4روز میں 5ہزار کو واپس لایا بھی جاچکاہے ۔لاک ڈائون کے دوران لکھن پور کے راستے آمدورفت انتظامات کے مجموعی طور پر نگراں اجیت کمار ساہو ،جو محکمہ جل شکتی کے کمشنر سیکریٹری ہیں ، نے کشمیرعظمیٰ کو بتایا’’ہم نے پنجاب اور ہماچل پردیش کے قرنطینہ مراکز میں درماندہ جموں و کشمیر کے افراد کی واپسی کا عمل شروع کردیاہے اوراس سلسلے میں متعلقہ علاقوں کے ڈپٹی کمشنروں سے بھی مدد لی گئی ہے ‘‘۔انہوں نے بتایاکہ اطلاعات کے مطابق جموں وکشمیر سے تعلق رکھنے والے 15ہزار سے زائد موسمی مزدور اس وقت پڑوسی ریاستوں پنجاب اور ہماچل میں درماندہ ہیں ۔انہوں نے بتایا’’تین چار روز قبل ہم نے 1800افراد کو جموں وکشمیر لایااور گزشتہ روز تک مزید 1200کی واپسی ہوئی ‘‘۔انہوں نے بتایاکہ مجموعی طور پر 5ہزارافراد لکھن پور پہنچنے میں کامیاب ہوئے ہیں ۔ساہو نے بتایاکہ چونکہ ہر جگہ لاک ڈائون اور بندشیں نافذ ہیں، اس لئے متعلقہ انتظامیہ کی مدد سے ان افراد کی واپسی کا عمل شروع کیاگیاہے ۔وہیں ایس ایس پی کٹھوعہ شیلندرا مشرانے بتایا’’ہم پنجاب ،ہماچل پردیش اور دیگر ریاستوں کے حکام سے رابطے میں ہیں ، ہم نے مختلف ریاستوں میں قرنطین کئے گئے لوگوں کی فہرست تیار کی ہے اور جن کے پاس اپنی گاڑیاں نہیں، ان کو واپس لانے کیلئے یہیں سے گاڑیاں بھی روانہ کی جارہی ہیں ‘‘۔انہوں نے بتایاکہ واپسی کے بعد وہ اپنے اپنے اضلاع میں قرنطینہ میں رہیں گے ۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ ریاسی ، ڈوڈہ ، کشتواڑ، رام بن ، اودھمپور ، رام نگرو دیگر علاقوں سے بڑی تعداد میں مزدور سردیوں کے موسم میں پڑوسی ریاستوں ہماچل اور پنجاب میں مزدوری کیلئے جاتے ہیں جو لاک ڈائون نافذ ہوجانے پر وہیں درماندہ ہوکر رہ گئے ۔
کوٹہ سے آنے والے 17طلبہ پٹن کے قرنطین مرکز میں داخل
بلال فرقانی
سرینگر// راجستھان کے کوٹہ شہرسے پیر رات کو سرینگر پہنچے طلاب کو ایس ایس ایم کالج میں قائم قرنطین مرکز میں رکھا گیا ہے۔ 17کشمیری طلبہ کامنگل کی اعلیٰ صبح قریب 7بجے بی ایم او پٹن اور تحصیلدار سنگھ پورہ نے استقبال کیا جس کے بعد انہیں ایس ایس ا یم کالج پری ہاس پورہ پٹن منتقل کرکے وہاں کورنٹائن کیا گیا ۔ اس موقعہ پر بلاک میڈیکل آفسرپٹن نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ واپس لائے گئے 17طلبہ کو کورنٹائن کیا گیا ۔ا نہوں نے بتایا کہ کورنٹائن مراکز میں طلبہ کیلئے تمام تر انتظامات کئے گئے ہیں جبکہ ایس ایس ایم کالج کے منتظمین نے پہلے ہی کورنٹائن کیلئے کالج کیمپس واقف کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ کے مطابق انہیں پہلے ہی کورنٹائن کیا گیا ہے تاہم انتظامیہ کوئی بھی خطرہ مول نہیں لینا چاہئے گی اور اس کیلئے کوٹہ سے واپس آنے والے تمام طلبہ کو کورنٹائن کیا جائیگا ۔ انہوں نے بتایا کہ میڈیکل ٹیم نے ان کا طبی معائنہ کیا جبکہ کھانے پینے کا انتظام ضلع انتظامیہ بارہمولہ نے کیا ۔ ادھر معلوم ہوا ہے کہ کوٹہ سے آئے دیگر طلاب کو بھی متعلقہ اضلاع میں انتظامی طور پر قرنطینہ میں رکھا گیا۔
۔ 57طلباء لداخ اور کرگل کیلئے روانہ
غلام نبی رینہ
کنگن//کرگل اور لداخ کے 57طلباء کو سونہ مرگ کے راستے منگل کوروانہ کیا گیا۔عالمگیر وبا کووڈ19کے باعث کرگل کے 57طلباء جو کوٹہ راجستھان میں زیر تعلیم ہیں اور گزشتہ ایک ماہ سے درماندہ تھے، منگل کو جموں سے سٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کے دو بسوں میں سونہ مرگ پہنچایا گیا ،جہاں سے ان کو کرگل سے آئیں گاڑیوں میں اپنے گھروں کو روانہ کیا گیا۔ ان طلباء کو کرگل میں 14روز تک قرنطین میں رکھا جائے گا۔ انچارج ایس ڈی ایم دراس اصغر علی نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ ان طلبامیںلیہہ اور کرگل کے طلاب شامل ہیں۔ ان طلباء میں کرگل کے 5کے اے ایس طلباء بھی شامل تھے جو گزشتہ روز سونہ مرگ پہنچ گئے تھے۔