۔4جی انٹرنیٹ پر پابندی اور یچوری کے خلاف فرد جرم

سرینگر// سی پی آئی ایم نے جموں کشمیر میں4 جی انٹرنیٹ پر مسلسل بندشوں،بے روزگار ی میں اضافے اور پارٹی کے مرکزی لیڈرسیتا رام یچوری کے خلاف فرد جرم عائد کرنے کے خلاف احتجاج کیا۔ سرینگر کی پریس کالونی میں پیر کو سی پی آئی ایم کے بیسوں کارکن جمع ہوئے اور نعرہ بازی کرتے ہوئے احتجاج کرنے لگے۔احتجاجی مظاہرین نے ہاتھوں میں بینئر اور پلے کارڑ اٹھا رکھے تھے۔احتجاجی مظاہرین نے سیتا رام یچوری کے خلاف مبینہ بے بنیاد کیس درج کرنے کی مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ فرد جرم میں یچوری کا نام حذف کیا جائے۔اس موقعہ پر انہوں نے جموں کشمیر میں4جی انٹرنیٹ پر مسلسل پابندی  پر بھی برہمی کا اظہار کرتے ہوئے مسلسل بندشوں کو بدقسمتی سے تعبیر کیا۔عبدراشید نامی ایک کارکن نے کہا کہ انٹرنیٹ کی تیز رفتاری کو مسلسل معطل رکھنے سے بے روزگاری میں بھی اضافہ ہواجبکہ کئی نوجوانوں کو اپنے روزگار سے ہاتھ دھونا پڑا۔اس موقعہ پر سی پی آئی ایم کے کارکنوں نے سرینگر جموں شاہراہ کو بھی ہمہ وقت بحال رکھنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اب میوہ جات کو بیرون وادی روانہ کرنے کا وقت سر پرہے اور شاہراہ کے بند ہونے کے نتیجے میں میوہ کا کافی نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے۔