۔3 ہفتے قبل لاپتہ ہوئے نوجوان کی لاش برآمد

عظمیٰ نیوزسروس

سرینگر// صفا کدل سرینگر میں دریائے جہلم سے نوجوان کی لاش برآمد ہوئی جس کی بعدازاں شناخت بیس روز قبل لاپتہ ہوئے شہر خاص کے 20سالہ نوجوان کے بطور ہوئی ہے۔اطلاعات کے مطابق اتوار کے روز صفا کدل علاقے میں اس وقت سنسنی کا ماحول پھیل گیا جب چند مقامی افراد نے دریائے جہلم میں ایک لاش دیکھی اور اس بارے میں فوری طورپر پولیس کو آگاہ کیا۔پولیس ٹیم فوری طورپر جائے موقع پر پہنچی اور لاش کو تحویل میں لے کر صدر ہسپتال سری نگر منتقل کیا جہاں پر اس کی شناخت بشارت احمد بٹ ساکن نائد کدل سری نگر کے بطور کی گئی ہے۔پولیس نے معاملے کی نسبت کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی۔واضح رہے کہ 20روز قبل پائین شہر کے نائد کد ل علاقے سے تعلق رکھنے والا نوجوان بشارت احمد بٹ گھر سے کسی کام کے سلسلے میں نکلا پھر واپس نہیں لوٹا۔ بسیار تلاش کے باوجود بھی جب نوجوان کا کئی پر اتہ پتہ نہیں چل سکا تو اہل خانہ نے خانیار پولیس اسٹیشن میں گمشدگی کی رپورٹ درج کی۔