کپوارہ// سرحدی ضلع کپوارہ کے کرناہ سیکٹر میں حد متارکہ پر کئی ہفتو ں کے بعد سکوت ٹوٹ گیا اور ہند و پاک افواج نے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ایک دوسرے کی چوکیوں پر گولہ باری کی ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اتوار کی شام دیر گئے ساڑھے 8بجے کے قریب کرناہ کے سعید پورہ ،دھنی اور حاجی ترہ علاقوں میں ہندو پا ک افواج نے ایک دوسرے کی چوکیو ں کو نشانہ بنایا ۔ پاکستانی فوج نے سعد پورہ علاقہ میں 290جاٹ کی چوکیو ں کو نشانہ بنایا جس کے بعد علاقہ میں تعینات فوجی اہلکارو ں نے بھی جوابی کاروائی کرتے ہوئے فائرنگ کی ۔مقامی لوگو ں نے کشمیر عظمیٰ کو بتا یا کہ قریب تین ہفتو ں کے بعد اس علاقہ میں فائر بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ہندو پاک افواج نے ایک دوسری کی چوکیو ںکو نشانہ بنایا اور ابھی تک علاقہ میں زبردست گولہ باری کا سلسلہ جاری ہے۔