۔3روز بعد شاہراہ پر ٹریفک بحال

 بانہال / /جموں سرینگر قومی شاہراہ پر گاڑیوں کی آمدورفت سنیچر وار کو مجموعی طور تیسرے روز بھی ٹھپ رہی اور فورلین شاہراہ کی تعمیراتی کمپنی کو پسیوں اور پتھروں کو صاف کرنے کیلئے مشینری کی کمی کی وجہ سے شاہراہِ کی جزوی بحالی سنیچر وار دن کے چار بجے تیسرے روز ہی ممکن ہو پائی جس کے بعد درماندہ ٹریفک کو وادی کشمیر کی طرف بحال کیا گیاجبکہ ادہم پور کے نزدیک گر آئی بھاری چٹانوں کو صاف کرنے کا عمل اس خبر کے فائنل کرنے تک جاری تھا۔سنیچر کے روز شاہراہِ پر بانہال، رامسو اور رام بن کے درمیان گر آئی بیشتر پسیوں کو دوپہر تک صاف کیا گیا لیکن پنتھیال اور منکی موڑ بیٹری چشمہ کے مقام پرگر آئی پسیوں کو صاف کرنے میں سنیچر سہ پہر بعد تک کا وقت لگا اور اب رام بن بانہال سیکٹر میں شاہراہ پر پنتھیال سے ناشری ٹنل کے پار چینینی تک وادی کشمیر کی طرف آنے والے درماندہ ٹریفک کو بحال کیا گیا ہے۔ دوپہر تک بارشوں کا بارشوں کا سلسلہ تھم گیاتھا اور شام ہوتے موسم بہتری کی جانب گامزن تھا۔
پچھلے دو روز سے رام بن اور رامسو کے درمیان درماندہ سینکڑوں مسافر شاہراہ کے متاثرہ سیکٹر کو پیدل ہی عبور کررہے ہیں۔ بانہال پہنچنے والے کئی مسافروں نے کشمیر عظمی کو بتایاکہ وہ ناشری ٹنل سے اپنی منزلوں کا رخ کر نے کیلئے رامسو تک پیدل ہی پہنچنے ہیں تاہم رام بن اور پنتھیال کے درمیان بیچ میں پھنسی کچھ مقامی مسافر گاڑیوں کی لفٹ سے ہمیں کم از کم پچیس کلومیٹر کا پیدل ہی سفر طے کرنا پڑا ہے جس کی وجہ سے پاؤں میں چھالے پڑے ہیں اور سب مسافر آخری ریل سے کشمیر میں اپنی منزلوں تک پہنچنے کیلئے ریلوے سٹیشن پہنچنے کی جلدی میں تھے ۔شاہراہ کی تازہ صورتحال کے حوالے سے بات کرنے پر ڈی ایس پی ٹریفک نیشنل ہائے وے رام بن اجے آنند نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ منکی موڑ بیٹری چشمہ کی بھاری پسی کو ہفتے کی شام چار بجے صاف کرکے شاہراہ کو یکطرفہ ٹریفک کیلئے بحال کیا گیا ہے اور چینینی اور رام بن کے علاوہ پسیوں کے بیچ میں درماندہ ٹریفک کو وادی کشمیر کی جانے کی اجازت دی گئی ۔ اجے آنند نے کہا کہ ادہمپور کے نزدیک گر آئی چٹانوں کو صاف کرنے کا کام جاری ہے اور یہاں ٹریفک کی بحالی کے بعد ہی شاہراہ پر ٹریفک کے حوالے سے مزید کچھ کہا جاسکتا ہے۔ انہوں نے مسافروں سے اپیل کی ہے کہ وہ اتوار کو اپنا سفر شروع کرنے سے پہلے شاہراہ کی صورت حال کے بارے جانکاری لیں۔دریں اثنا ٹریفک پولیس نے اتوار کے روز جموں سے وادی کشمیر کی طرف ٹریفک چلانے کا اعلان کیا ۔