سرینگر// حکومت نے جموں میں تعینات سرکاری اور نیم سرکاری اداروں کے تمام افسران اور ملازمین سے کہا کہ وہ اپنی سرکاری ڈیوٹی کے ایک حصے کے طور پر 26جنوری کی تقریب میں شرکت کریں۔ اس ضمن میں جمعرات کو حکومت کی جانب سے جاری سرکیولر میں کہا گیا ہے’’یوم جمہوریہ 2022 کی مرکزی تقریب مولانا آزاد اسٹیڈیم، جموں میں منعقد کی جا رہی ہے، جہاں لیفٹیننٹ گورنر تقریب کی صدارت کریں گے اور سلامی لیں گے‘‘۔ سرکیولر میں مزید کہا گیا’’جموں میں تعینات حکومت اور نیم سرکاری خود مختار اداروں کے تمام افسران وملازمین سے کہا جاتا ہے کہ وہ اپنی سرکاری ڈیوٹی کے ایک حصے کے طور پر تقریب میں شرکت کریں۔‘‘ سرکیولر کے مطابق نیم سرکاری خود مختار اداروںاور چیف ایگزیکٹیو اس تقریب میں اپنی اور ان کے ماتحت ملازمین کی شرکت کو یقینی بنائیں گے۔