سرینگر// ضلع ترقیاتی کمشنر سری نگر ڈاکٹر سید عابد رشید شاہ نے سونہ وار میں شیر کشمیر کرکٹ اسٹیڈیم کا دورہ کیا جہاں یوم جمہوریہ کے سلسلے میں ضلع میں سب سے بڑی تقریب ہو رہی ہے ۔ اُنہوں نے یہاں تقریب کے سلسلے میں کی جارہی تیاریوں کا جائزہ لیا۔اس موقعہ پر ترقیاتی کمشنر کو بتایا گیا کہ اسٹیڈیم میں تقریب کی مناسبت سے سیٹنگ ، بجلی اور پانی کے علاوہ شرکأ کی سہولیات کے لئے پارکنگ سمیت تمام اِنتظامات کو حتمی شکل دی جارہی ہے ۔ترقیاتی کمشنر نے تمام محکموں کو بہتر اِنتظامات یقینی بنانے کی ہدایت دی۔ اُنہوں نے کہا کہ موجودہ موسمی حالات کے پیش نظر محکمہ بجلی اور تعمیراتِ عامہ کو قومی تقریب کے احسن انعقاد کے لئے اہم رول نبھا نا ہوگا۔ ڈاکٹر شاہ نے تمام متعلقہ محکموں پر قریبی تال میل کے ساتھ کام کرنے پر زور دیا۔ اُنہو ںنے تقریب کے مقام پر بہتر صفائی ستھرائی کے لئے بھی اِنتظامات کرنے کی ہدایت دی۔ اس دوران ترقیاتی کمشنر نے شرکأ کے ریہرسل کے بارے میں معلومات حاصل کیں اور اُن کے لئے ٹرانسپورٹیشن ، ریفرشمنٹ اور اقامتی سہولیات دستیاب رکھنے کے احکامات دئیے ۔تمام محکموں کے سینئر افسران بھی ترقیاتی کمشنر کے ہمراہ تھے۔