سرینگر/عظمیٰ نیوز سروس/ محکمہ موسمیات نے31 جنوری تک جموں و کشمیر کے الگ تھلگ مقامات پر ہلکی بارش اور برفباری کی پیش گوئی کی ہے۔محکمہ موسمیات نے بتایا کہ 23 جنوری کو کچھ مقامات پر ہلکی بارش/ برفباری کا امکان ہے جبکہ 24 سے 28 جنوری تک موسم خشک رہے گا۔29-31 جنوری تک موسم کی صورتحال ابر آلود رہنے کا امکان ہے اور الگ تھلگ مقامات پر ہلکی بارش/برفباری ہوگی۔اس دوران گلمرگ میں برف باری کا ایک اور سلسلہ شروع ہوا جبکہ کچھ میدانی علاقوں میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بارش ہوئی۔ حکام نے بتایاکہ شمالی کشمیر میں گلمرگ سمیت وادی کے اونچے علاقوں میں 11.2 ملی میٹر برف باری ہوئی،اور وادی کشمیر کے کئی حصوں میں بھی ہلکی بارش ہوئی۔گلمرگ کو چھوڑ کر، وادی کے تمام موسمی مراکز میں رات کا درجہ حرارت مسلسل بڑھتا رہا اور منگل اور بدھ کی درمیانی رات کے دوران معمول سے 3 سے 6زیادہ ریکارڈ کیا گیا۔ پیر کو ریکارڈ کیا گیا دن کا درجہ حرارت بھی دوسرے دن گلمرگ اور کپوارہ کے علاوہ کئی موسمی اسٹیشنوں پر معمول سے 3 سے 5 زیادہ تھا۔سرینگر میں کم از کم درجہ حرارت مزید بہتر ہوا اور پچھلی رات کے 1.0 کے مقابلے میں 0.6 ریکارڈ کیا گیا۔ گلمرگ وادی کا سرد ترین مقام نکلا، جہاں کم از کم درجہ حرارت منفی8.5 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا۔پہلگام میں بھی نمایاں کمی دیکھی گئی اورمنفی4.2 ریکارڈ کیا گیا۔ قاضی گنڈ میں 1.6 ،کوکرناگ میں 1.2 اورکپواڑہ میں کم سے کم 1.2 تھا۔