اشفاق سعید
سرینگر//جموں و کشمیر اور لداخ میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم خراب رہا جبکہ امرناتھ گھپا کے گردونواح، گلمرگ کے بالائی پہاڑوں اور شوپیان کے پیر پنچال پہاڑی سلسلے پر تازہ برف باری ہوئی ۔اتوار کو بھی موسم خراب رہا اور رک رک کر ہلکی بارش یا بوندا باندی ہوتی رہی۔ محکمہ موسمیات نے اتوار کو کہا کہ اگلے 24 گھنٹوں کے دوران وقفے وقفے سے ہلکی بارش اور بہت اونچے بالائی مقامات پربرف باری کا امکان ہے۔امر ناتھ گھپاکے علاقے، گلمرگ کے افروٹ اورزوجیلادرہ اور دیگر اونچی جگہوں پر ہلکی برف باری ہوئی ہے۔محکمہ موسمیات کے ڈپٹی ڈائریکٹر مختار احمد نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ اتوار کو وادی میں بارشیں ہوتی رہیں لیکن انکا زیادہ تر اثر جنوبی کشمیر میں رہا۔ انہوں نے کہا کہ سہ پہر بعد پیر کی گلی مغل روڑ، امرناتھ گھپا کے آس پاس علاقوں، افروٹ گلمرگ اور زوجیلا کے اوپری سلسلے میں برفباری دوبارہ شروع ہوئی۔انہوں نے کہا کہ ان علاقوں میں دن بھر وقفے وقفے سے ہلکی اور درمیانہ درجے کی بارشیں ہوتی رہیں۔ڈپٹی ڈائریکٹر نے مزید کہا کہ موسم کی یہی صورتحال 21جون شام تک جاری رہیگی۔ انہوں نے کہا کہ 22جون سے موسم کی صورتحال تبدیل ہوگی۔ادھر پہاڑوں پر تازہ برفباری ہونے کے باعث وادی میں شدید سردی پیدا ہوگئی ہے۔شبانہ درجہ حرارت میں بہت زیادہ کمی آنے کے بعد اہل وادی سردی سے ٹھٹھرنے لگے ہیں۔سرینگر میں کم سے کم درجہ حرارت 12.6، پہلگام 7.7 اور گلمرگ میں 3.5 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ دراس میں رات کا درجہ حرارت 4.2، لیہہ 5.2 اور کرگل میں 10.2 تھا۔جموں میں 19.7، کٹرہ 18.2، بٹوٹ 10.3، بانہال 9.6 اور بھدرواہ میں 10 ڈگری کم سے کم رہا۔
ہلکی بارشوں کے بیچ شاہراہ پر ٹریفک جاری | سیاحوں کی گاڑی کو گرتے پتھر لگے، مسافر بچ نکلے
محمد تسکین
بانہال// اتوار کے روز ابر آلود موسم اور ہلکی بارشوں کے درمیان جموں سرینگر قومی شاہراہ پر گاڑیوں کی امدورفت بغیر کسی خلل کے جاری رہی تاہم ہفتے کی رات دیر گئے رامبن کے کرول علاقے میں جموں سے وادی کشمیر کی طرف سیاحوں کو لیکر ارہی ایک ٹیمپو ٹرولر گرتے پتھروں کی زد میں اگئی تاہم خوش قسمتی سے کوئی بھی سیاح زخمی نہیں ہوا۔ اس واقع میں گاڑی کو نقصان پہنچا یے اور گاڑی کے شیشے ٹوٹ گئے ہیں۔اس سلسلے میں بات کرنے پر ایس ایس پی ٹریفک نیشنل ہائے وے رامبن شبیر ملک نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ جمعہ کے روز بانہال کے نزدیک روم پڑی علاقے میں گر ائے بھاری پتھروں کی وجہ سے سڑک کو نقصان پہنچا ہے اور سڑک دب گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ قصبہ بانہال میں ڈرین کی تعمیر کی وجہ سے جبکہ روم پڑی اور پنتھیال کے مقام سڑک یکطرفہ ٹریفک کے ہی قابل ہے اور گاڑیوں کو ایک ایک کرکے نکالا جارہا ہے اور ان علاقوں میں ٹریفک کی نقل وحرکت سست رفتار ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جمعہ کے روز شاہراہ کے متاثر رہنے کی وجہ سے قاضیگنڈ ، ادہمپور اور جموں میں کئی ہزار ٹرک جمع ہوئے ہیں اور اتوار کے روز دوطرفہ مسافر گاڑیوں کو نکلانے کے بعد جموں کی کانوائے میں دو ہزار ٹرکوں کو وادی کشمیر کی طرف نکلانے کا عمل اتوار شام تک جاری تھا۔ انہوں نے کہا کہ رامبن اور بانہال کے سیکٹر میں اتوار کے روز مطلع ابرالود رہا اور بیچ بیچ میں بارشوں کی ہلکی فوار بھی ہوئی تاہم شاہراہ بلا خلل قابل امدورفت ہے۔اس دوران ضلع رامبن کی سب ڈویژن گول کے سرکنٹھا ٹاپ اور بانہال سب ڈویژن میں آرم نکھ ، انگریز تھم ، گڈ بیر اور اکھرن کی کئی پہاڑی چوٹیوں پر تازہ برفباری ہوئی ہے اور ضلع رامبن میں لوگوں کو گرمی کی شدت سے راحت نصیب ہوئی ہے۔ادھر پنتھیال کے مقام پر پتھر گرنے سے بچائو کیلئے اسٹیل ٹنل کی مرمت کی ہدایت دی گئی ہے۔ ضروری مرمت کی وجہ سے پنتھیال میں ہر روز صبح ساڑھے 4بجے سے 0430 بجے سے 8بجے تک ٹریفک معطل رہے گی۔ادھر زوجیلا درہ پر دیکھ بھال/مرمت کے پیش نظر سرینگر-سونہ مرگ-گمری روڈ پر ہر جمعہ کو دونوں طرف سے ٹریفک کی نقل و حرکت نہیں ہوگی۔آج مناسب موسم اور سڑک کی بہتر حالت کے ساتھ مشروط مسافر/نجی گاڑیوں کو جموںسرینگر شاہراہ پر دونوں طرف سے گاڑیوں کی آمد و رفت کی اجازت ہوگی۔