۔2022کے پہلے عشرے میں آگ کی 660وارداتیں رونما

پرویز احمد
سرینگر //وادی میں پچھلے 3ماہ کے دوران آگ کی 660وارداتوں میں کڑوروں روپے مالیت کی جائیداد خاکستر ہوگئی ہے ۔سال 2022کے پہلے3ماہ میں آگ کی ہولناک واردات میں 525رہائشی مکان،99دکانیں، 11شاپنگ کمپلیکس،  8گاڑیاں، بجلی کے 39ٹرانسفارمر، جنگلات کے10احاطے تباہ ہوئے ہیں ۔

وسطی کشمیر

 سرینگر شہر میں آگ کی 143وارداتوں میں 1704.58لاکھ روپے مالیت کی جائیداد خاکستر ہوگئی۔ سرینگر میں پیش آنے والی آگ کی 143وارداتوں میں 140مکانات، 10دکانیں، 5شاپنگ کمپلیکس ، ایک گاڑی، 14بجلی ٹرانسفارمر اور جنگلا ت محکمہ کے 4احاطے بھی خاکستر ہوئے ۔ بڈگام ضلع میں آگ کی کل 54وارداتیں رونما ہوئیں جن میں 80.45لاکھ روپے کی جائیدادتباہ ہوئی  جبکہ عملہ نے 531.30لاکھ روپے مالیت کی جائیداد کو بچا لیا ۔گاندربل ضلع میں 49 وارداتیں رونما ہوئیں ، جن میں 359.20لاکھ روپے مالیت کی جائیداد کو بچالیا گیا  جبکہ یہاں 67.70لاکھ روپے مالیت کی جائیداد جل کر خاکستر ہوگئی ۔ گاندربل میں آگ کی وارداتوں میں 30مکانات،5دکانیں، ایک گاڑی اور بجلی کے2ٹرانسفارمر تباہ ہوگئے۔ 

 جنوبی کشمیر 

 اننت ناگ ضلع میں آگ کی 68واررداتیں رونما ہوئیں جن میں 827.12لاکھ کی جائیداد جل کر خاکستر ہوگئی ۔ 68واقعات میں50رہائشی مکانات، 15دکانیں، ایک شاپنگ کمپلیکس ، 5بجلی ٹرانسفارمر اور جنگلات کا ایک علاقہ شامل ہے۔ پلوامہ ضلع میں53وارداتیں رونما ہوئیں۔ جن میں 158.44لاکھ کی جائیداد جل کر خاکستر ہوگئی۔ ضلع میں 34رہائشی مکانات، 10دکانیں، ایک شاپنگ کمپلیکس، ایک گاڑی، بجلی کا ایک ٹرانسفارمر، اور ایک نرسری جل کر خاکستر ہوگئی ۔ شوپیان ضلع میں 24ہولناک وارداتیں رونما ہوئیں، جن میں 22مکانات، 5دکانیں، 2بجلی ٹرانسفارمر، اور ایک نرسری خاکستر ہوگئی ۔ کولگام ضلع میں 39وارداتیں رونما ہوئیں ، جن میں112.35لاکھ کی جائیداد جل گئی۔ ضلع میں 25مکانات،4دکانیں،ایک گاڑی اور بجلی کے 4ٹرانفارمر شامل ہیں۔ 

شمالی کشمیر

 ضلع کپوارہ میں 81وارداتیں پیش آئیں جن میں 177.17لاکھ روپے مالیت کی جائیداد جل کر خاکستر ہوگئی ۔ کپوارہ میں73 رہائشی مکانات،18دکانیں اور بجلی کے 6ٹرانسفارمر جل کر تباہ ہوگئے ۔بارہمولہ ضلع میں 108وارداتوں میں 224.87لاکھ کی جائیداد جل کر خاکستر ہوگئی ۔ بارہمولہ میں 84مکانات، 28دکانیں، 3گاڑیاںاور بجلی کے4ٹرانسفارمر تباہ ہوگئے۔ بانڈی پورہ ضلع میں 50وارداتیں رونما ہوئیں ، جن میں44مکانات، 2دکانیں ایک شاپنگ کمپلیکس اور بجلی ایک ٹرانسفارمر جل کر خاکستر ہوگئے۔