نئی دہلی//یو این آئی// بہار، چنڈی گڑھ، دہلی، گجرات، ہریانہ، جھارکھنڈ، مہاراشٹر، پنجاب، راجستھان، اتراکھنڈ اور مغربی بنگال میں اتوار سے پانچ سال کی عمر کے بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے ۔صحت اور خاندانی بہبود کی مرکزی وزارت نے جمعہ کو یہاں کہا کہ پولیو کی دوا دینے کا پروگرام ملک کی 11 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں 19 جون سے شروع کیا جا رہا ہے ۔ پولیو مہم کے دوران پانچ سال سے کم عمر کے تقریباً 3.9 کروڑ بچوں کو پولیو ڈرگ سینٹرز اور گھر گھر جاکر دوا فراہم کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے ۔ 27 مارچ 2014 کو ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن نے جنوب مشرقی ایشیا کے خطے کے 10 دیگر ممالک کے ساتھ ہندوستان کو پولیو سے پاک قرار دیا تھا۔ ملک میں پولیو کا آخری کیس 13 جنوری 2011 کو مغربی بنگال کے ہوڑہ سے سامنے آیا تھا۔عالمی سطح پر پولیو اب بھی دو ممالک افغانستان اور پاکستان میں موجود ہے ۔