نئی دہلی//ایندھن کی قیمتو ں میں بھارت کی تاریخ میں پہلی بار اس قدر اضافہ ہوا ہے ۔ اس سے قبل 1971میں اس طرح کی صورتحال دیکھی گئی تھی ۔ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں گھریلو سطح پراتوار کو مسلسل پانچویں دن اضافہ جاری رہا۔ سرینگر میں پیٹرول 108.12روپے فروخت ہورہا ہے۔سرکاری آئل مارکیٹنگ کمپنیوں نے ہفتے کو مسلسل پانچویں دن ان دونوں کی قیمتوں میں 35-35 پیسے فی لیٹرکا اضافہ کیا جس کے بعد نئی دہلی میں پٹرول 109.34روپے فی لیٹر اور ڈیزل 98.07 روپے فی لیٹر اب تک کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گیا ہے۔رواں ماہ اب تک پٹرول 7.70 روپے اور ڈیزل 8.30 روپے فی لیٹر مہنگا ہو چکا ہے۔اس اضافے کے بعد ممبئی میں پٹرول 115.14 روپے اور ڈیزل 106.23 روپے، بھوپال میں سب سے مہنگا ،پٹرول 118.07 روپے اور ڈیزل 107.50 روپے فی لیٹر، پٹنہ بہار میں پٹرول 113.10 روپے اور ڈیزل 104.71 روپے فی لیٹر،بنگلورو میں پٹرول 112.79روپے اور ڈیزل 113.15روپے فی لیٹر پر پہنچ گیا ہے۔ کولکتہ میں پٹرول 109.79 روپے اور ڈیزل 101.19 روپے فی لیٹر پر پہنچ گیا ہے۔ رانچی میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں صرف سات پیسے کا فرق ہے۔ پٹرول 103.53 روپے اور ڈیزل 103.46 روپے فی لیٹر ہے۔ نوئیڈا، دہلی این سی آر میں پٹرول کی قیمت 106.46 روپے اور ڈیزل کی قیمت 98.73روپے فی لیٹر ہے۔ابھی ملک کے تمام بڑے شہروں میں پٹرول کی قیمت 110 روپے فی لیٹر سے تجاوز کر گئی ہے۔ ڈیزل بھی بیشتر شہروں میں سنچری لگا چکا ہے۔