عظمیٰ نیوز سروس
جموں//جموں و کشمیر حکومت نے جمعرات کو کہا کہ 18,000 کروڑ روپے سے زیادہ کی قیمت والی ریاستی اراضی مرکز کے زیر انتظام علاقے میں غیر قانونی تجاوزات کی زد میں ہے، اس پر دوبارہ دعویٰ کرنے کے لیے بے دخلی کی کارروائیاں شروع کر دی گئی ہیں۔ وزیر صحت سکینہ ایتو، جن کے پاس محکمہ مال کا قلمدان بھی ہے، نے اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران بی جے پی ایم ایل اے راجیو جسروٹیا کے سوال کے جواب میں یہ بات کہی۔ایتو نے کہا” جموں و کشمیرمیں تجاوزات کے ذریعہ غیر قانونی طور پر قبضہ کرنے والی کل ریاستی اراضی 17,27,241 کنال اور 8 مرلہ (2,15,905 ایکڑ) ہے۔ مجموعی طور پر 15,39,662 کنال اور 15 مرلے (1,92,457 ایکڑ)کو تجاوزات کرنے والوں سے دوبارہ حاصل کیا گیا ہے،” ۔انہوں نے مزید کہا کہ 13,645 کنال اور 12 مرلہ (39,205 ایکڑ)کی بازیافت ابھی باقی ہے۔ “تجاوزات کے تحت زمین کی عارضی قیمت 18,049.6 کروڑ روپے (3,13,645 کنال اور 12 مرلہ) ہے،” وزیر نے مزید کہا کہ بے دخلی کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔بی جے پی کے ارکان نریندر سنگھ رینا، راجیو جسروٹیا، اور آر ایس پٹھانیا سمیت کئی ارکان نے ضمنی سوالات اٹھائے جس میں ریاستی اراضی پر وسیع پیمانے پر تجاوزات کو ہٹانے کے لیے ٹائم فریم طے کرنے کا مطالبہ کیا۔وزیر نے انہیں یقین دلایا کہ کارروائیاں شروع کر دی گئی ہیں۔زمین کے استعمال کے تبادلوں کے بارے میں، انہوں نے کہا کہ کٹھوعہ اور جسروٹا میں صنعتی مقاصد کے لیے زرعی زمین کی کل تبدیلی 4,729 کنال اور 19.33 مرلہ ہے۔ تجارتی مقاصد کے لیے یہ کل 559 کنال اور 18 مرلہ ہے۔سانبہ میں، انہوں نے کہا کہ زرعی اراضی کی تبدیلی 156 کنال اور 7 مرلے صنعتی استعمال کے لیے، اور 654 کنال اور 10 مرلے تجارتی مقاصد کے لیے ہے۔انہوں نے کہا کہ ریونیو ڈپارٹمنٹ نے انڈسٹریل اسٹیٹس کے قیام کے لیے سرکاری زمین نجی افراد کو منتقل نہیں کی ہے۔ انہوں نے کہا”تاہم، محکمہ صنعت و تجارت کی درخواستوں کی بنیاد پر، گزشتہ دو سالوں میں مختلف اضلاع میں 12,260 کنال اور 3 مرلہ اراضی انہیں منتقل کی گئی ہے”،۔وزیر نے کہا کہ تجاوزات سے حاصل کی گئی زمین کو پالیسی کے مطابق پانچ مرلہ کے ساتھ بے زمین لوگوں کو الاٹ کیا جا رہا ہے۔