سرینگر /عظمیٰ نیوز سروس/جموں و کشمیر اینٹی کرپشن بیورو ( اے سی بی) نے 15000کی رشوت لیتے ہوئے سڈکو کے ایک ملازم کو گرفتار کیا۔بیوروکو ایک تحریری شکایت موصول ہوئی ، جس میں الزام لگایا گیاکہ ایک سرکاری ملازم محمد یاسین شیخ، سینئر اکائوٹنٹ، سڈکوکھنموہ، سرینگر، سپلیمنٹری پارٹنرشپ ڈیڈ کے شکایت کنندہ کے کیس کی کارروائی کے لیے 20,000 روپے رشوت طلب کر رہا ہے۔ تاہم، بات چیت کے بعدمعاملے 15,000 روپے پر طے کی گئی۔بیان کے مطابق شکایت کنندہ نے رشوت نہ دینے کافیصلہ کیا اور اس کے بجائے سرکاری ملازم کے خلاف قانون کے تحت فراہم کردہ قانونی کارروائی کے لیے اینٹی کرپشن بیورو سے رجوع کیا۔شکایت موصول ہونے پر احتیاط سے تصدیق کی گئی، جس سے متعلقہ سرکاری ملازم کے مطالبے کی تصدیق ہوئی اور اس کے مطابق ایف آئی آر نمبر 18/2024 ایکٹ 1988 پولیس اسٹیشن اے سی بی سرینگر میں درج کیا گیا اور تحقیقات کا آغاز کیا گیا۔تفتیش کے دوران ایک ٹریپ ٹیم تشکیل دی گئی۔ ٹیم نے ایک کامیاب جال بچھا کر ملزم سرکاری ملازم کو شکایت کنندہ سے 15,000 روپے رشوت طلب کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا۔ اسے اے سی بی کی ٹیم نے موقع پر ہی گرفتار کرلیا۔ ٹریپ ٹیم سے وابستہ آزاد گواہوں کی موجودگی میں اس کے قبضے سے رشوت کی رقم بھی برآمد ہوئی۔