۔15اگست کی آمد آمد۔۔شہر میں چیکنگ کا سلسلہ شروع

 
سرینگر//15اگست کی آمد کے ساتھ ہی پولیس اور فورسز نے شہر سرینگر میں تلاشی کارروائیوں کا سلسلہ شروع کردیا ہے ۔ فوج اور پولیس ٹاسک فورس نے کل اونتہ بھون صورہ میں جنگجوؤں مخالف آپریشن عمل میں لاکر تلاشی کاروائی عمل میں لائی۔محاصرے کے دوران جہاں فورسز نے مکانوں کی تلاشی لی وہیں دکانداروں کے علاوہ راہ گیروں سے پوچھ تاچھ کرکے ان کے شناختی کارڈ چک کئے گئے۔مقامی لوگوں کے مطابق فورسز نے علاقے میں تمام داخلی اور خارجی راستوں کو سیل کیااورکسی بھی فرد کو اندر یا باہر جانے کی اجازت نہیں دی۔بعد میں فورسز نے محاصرہ اٹھالیا تاہم کسی کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی۔اس دوران چھتہ بل علاقہ کے باغیاث ، مغل محلہ اور چھانہ محلہ میں کل اچانک فورسز اہلکار نمودار ہوے اور گلی کوچوں میں چکر لگائے ۔دریں اثناء15اگست  کے پیش نظرسول لائنز ،بائی پاس اور سرینگر کے مضافات میں پولیس وفورسز کی گشت بڑھا دی گئی ہے اور سڑکوں پر پولیس وفورسز کی جانب سے نجی گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کو روک کر ان کی باریک بینی سے تلاشی لی جا رہی ہے۔15اگست کی تقریب امسال پہلی بار شیر کشمیر سٹیڈیم سونہ وار میںمنعقد ہونے والی ہے اور سٹیڈیم کے ارد گرد بھی حفاظت کے سخت اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔ اندرون شہر بھی گاڑیوں کی چیکنگ اور مسافروں کی پوچھ تاچھ کا سلسلہ اچانک تیز کر دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ مختلف علاقوں اور دیہات سے شہر میں داخل ہونے والی چھوٹی بڑی گاڑیوں کو روک کر ان کی تلاشی لی جا رہی ہے جبکہ کئی مقامات پر مسافروں اور راہگیروں کو قطاروں میں کھڑا کر کے ان کے شناختی کارڈ چیک کرنے کے علاوہ ان کی جامہ تلاشی لی جاتی ہے۔ شام کے بعد شہر میں سڑکوں پر پولیس کی طرف سے رکاوٹیں کھڑا کی جارہی ہیں اور گاڑیوں کی چیکنگ کی جارہی ہے۔