سرینگر //جموں و کشمیر میں کوویڈ کے دوران 24مارچ کو شروع کی گئی 108ایمبولنس سروس میںابتک 138بچوں نے جنم دیاہے۔ ان میں 27 کشمیر صوبے جبکہ جموں صوبے میں 111حاملہ خواتین نے ایمبولنس گاڑیوں میں بچوں کو جنم دیا ۔ جموں و کشمیر میں لوگوں کو مفت ایمبولنس سروسز خدمات فراہم کرنے کیلئے حکومت کی جانب سے 143ایمبولنس گاڑیاں فراہم کی گئیں۔ان ایمبولنس گاڑیوں میں پچھلے 9ماہ کے دوران 37ہزار 445 افرادنے ان گاڑیوں کا استعمال کیا۔ کشمیر میں 108ایمبولنس سروس کے زونل منیجر مشتاق احمد نے بتایا ’’ 37,455مریضوںنے ایمبولنس سروسز کا فائدہ اٹھایا‘‘۔ انہوں نے کہا ’’ 15,530کشمیر جبکہ جموں میں 21 ہزار 693 مریض ان خدمات سے مستفید ہوئے‘‘۔ انہوں نے کہا ’’ کورونا وائرس مریضوں کیلئے علیحدہ 15ایمبولنس گاڑیاں رکھی گئیں ہیں اور3704کورونا متاثرین نے ان ایمبولنسوں کا استعمال کیا ‘‘۔انہوں نے کہا ’’ ان میں 1653مشتبہ کورونا وائرس مریضوں کو گھروں سے اسپتال پہنچایا گیا ‘‘۔ انہوں نے کہا’’ ان میں 186 حاملہ خواتین بھی شامل ہیں‘‘ ۔ انہوں نے کہا ’’ کشمیر صوبے میں 20خواتین اور جموں میں 118خواتین نے ایمبولنس گاڑیوں میں بچوں کو جنم دیا ‘‘۔انہوں نے کہا کہ کشمیر کے 20خواتین میں 2سرینگر، 2شوپیان، ایک پلوامہ، 3کولگام، 4 گاندربل، 2بڈگام، 3بارہمولہ ،7کپوارہ اور 2بانڈی پورہ سے تعلق رکھتی تھیں۔ زونل منیجر نے بتایا کہ اننت ناگ ضلع میں کسی بھی خاتون نے بچے کو ایمبولنس میں جنم نہیں دیا ‘‘۔ مشتاق احمد نے بتایا ’’جموں صوبے کے 118متاثرین میں 18ضلع جموں، 22ڈوڈہ، 22کٹھوعہ، 11کشتواڑ، 3پونچھ، 11راجوری،12رام بن، 14ریاسی، 6سانبہ اور 37ضلع بچوں کا تعلق ضلع دھمپور سے ہے‘‘۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی شخص مفت ایمبولنس سروسز کیلئے 108ٹول فری نمبر پر فون کرکے ایمبولنس خدمات مفت حاصل کرسکتا ہے۔انہوں نے کہا ’’ جموں و کشمیر میں مریضوں کو طبی مراکز تک پہنچانے کیلئے 143ایمبولنس گاڑیاں دستیاب رکھیں گئی ہیں۔ جدید سہولیات سے لیس 63ایمبولنس گاڑیاں کشمیر جبکہ 76جموں صوبے کے مختلف اضلاع میں مریضوں کیلئے دستیاب رکھیں گئی ہیں۔