محمد تسکین
بانہال //بْدھ کی رات سے جمعرات کی ابتدائی ساعتوں تک رام بن۔ بانہال سیکٹر میں ہوئی بارشوں کے نتیجے میں کم از کم بارہ گھنٹوں تک بند رہنے کے بعد جموں سرینگر قومی شاہراہ کو ٹریفک کیلئے جزوی طور بحال کیا گیا ہے اور بْدھ کی رات سے جموں جانے والے سینکڑوں درماندہ ٹرکوں کو ترجیح پر نکالنے کے بعد مسافر گاڑیوں کوبھی دوپہر بعد سے جموں اور وادی کشمیرسے اپنی منزلوں کو جانے کی اجازت دی گئی ہے۔ ناشری۔ ڈھلوا س اور رام بن کے کئی مقامات پر ٹریفک جام ہے اور گاڑیوں کی آمدورفت جمعرات کی شام تک بھی نہایت ہی سست رفتاری کا شکارتھی ۔یکم سے تین مارچ تک ہوئی شدید بارشوں کے نتیجے میں ناشری اور بانہال کے درمیان شاہراہ کی حالت ڈھلواس ، مہاڑ ، کیفتیریا موڑ ، سیری ، کیلا موڑ ، بیٹری چشمہ ، رامسو اور شیربی بی کے علاقوں میں کئی مقامات پر خستہ اور یکطرفہ ہوئی ہے اور گزشتہ رات کی بارشوں کیوجہ سے ڈھلواس ، مہاڑ ، کیفٹیریا موڑ اور رامسو سیکٹر میں کئی مقامات پر تازہ پسیوں کیوجہ سے شاہراہ بند ہوگئی تھی۔شاہراہ کی تازہ صورتحال کے حوالے سے بات کرنے پر ٹریفک کنٹرول یونٹ رام بن کے عہدیداروں نے کشمیرعظمی کو بتایا کہ ضلع رام بن میں ڈھلواس سمیت شاہراہ کے کئی مقامات بارشوں سے گر آئی پسیوں کے نتیجے میں کل رات قریب دو بجے ٹریفک کیلئے بند ہوئی تھی اور شاہراہ کوجمعرات کی دوپہر بعد ڈیڑھ بجے سے قابل آمدورفت بنایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بْدھ کی رات کے درماندہ ٹرکوں کو جموں کی طرف نکالنے کے بعد جمعرات کی دوپہر بعد سے جموں اور وادی کشمیر سے بھی مسافر گاڑیوں کو باری باری سے اور ٹریفک کے مقررہ اوقات کے اندر چلنے کی اجازت دی گئی اورجمعرات شام تک یہ ٹریفک کئی مقامات پر سست رفتاری کے ساتھ منزلوں کی طرف رواں تھا۔