بانہال// پیر کی رات 11 بجے سے بند شاہراہ کو 12 گھنٹے بعد منگل کے دن 11بجے بحال کردیاگیا جس کے بعد ضروری اشیاء سے لدھے ٹرک اور ایندھن سے لدھے ٹینکر وںوادی کشمیر کی طرف ترجیح بنیادپر چھوڑ ے گئے۔ پیر کی رات گیارہ بجے کیفٹیریا موڑ رام بن کے پاس گرتے پتھروں کی زد میں کشمیر سے جموں جانے والا ایک ٹرالہ ٹرک آگیا تاہم اس کے سوار بچ نکلے ہیں۔ ڈی ایس پی ٹریفک نیشنل ہائی وے رام بن اجے آنند نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ ٹرالہ گرتے پتھروں کی زد میں آگیا جومکمل طور سے پتھروں کے نیچے آکر تباہ ہوا تاہم اس کے سوار پتھروں کے ابتدائی سلسلہ شروع ہونے کے ساتھ ہی ٹرک سے نکل بھاگے۔ انہوں نے کہا کہ ٹرالہ کو پسی سے کھینچ کر باہر لایا گیا اور شاہراہ کو منگل کی صبح گیارہ بجے بارہ گھنٹے بعد دوبارہ بحال کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ شاہراہ کی بحالی کے فوراً بعد وہاں درماندہ ضروری اشیاء سے لدھی گاڑیوں کو وادی کشمیر کی طرف ترجیحی بنیادوں پر چھوڑ دیا گیا جبکہ پاس کے بغیر لاک ڈائون کی وجہ سے مسافر ٹریفک پر مسلسل پابندی عائد ہے۔