گاندربل//نجی تعلیمی ادارے نیو ڈریم لینڈ ایجوکیشنل انسٹی ٹیوٹ کی دو طالبات نے بارہویں جماعت میں اپنی قابلیت کا لوہا منواتے ہوئے تیسری پوزیشن حاصل کی جبکہ سمبل سوناواری کے گورنمنٹ ہائر سیکنڈری سکول میں زیر تعلیم طالب علم نے 453 نمبرات حاصل کرکے گورنمنٹ سکول کے ساتھ ساتھ اپنا اور والدین کا نام روشن کردیا۔منگل کو بورڈ آف اسکول ایجوکیشن نے 12ویں جماعت کے نتائج کا اعلان کیا جس میں لڑکیوں نے لڑکوں کو پیچھے چھوڑ دیا۔گاندربل کے نجی تعلیمی ادارے نیو ڈریم لینڈ ایجوکیشنل انسٹی ٹیوٹ میں زیر تعلیم دو طالبات نے اپنے، والدین اور ادارے کا نام روشن کردیا۔شاہ ربیقہ دختر مشتاق احمد شاہ نے کشمیر صوبہ میں 500 نمبرات میں سے 497 نمبرات حاصل کرکے 99.4فیصدی کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی جبکہ اسی تعلیمی ادارے میں زیر تعلیم دوسری طالبہ مہوش مشتاق دختر مشتاق احمد نے 500 نمبرات میں سے 496 نمبرات حاصل کرکے بازی مارلی۔اس طرح دونوں لڑکیوں نے یہ ثابت کردیا کہ وہ کسی سے کم نہیں۔ادھر سمبل سوناواری کے علاقہ نسبل سوناواری کے طالب علم باسط یوسف جو گورنمنٹ ہائر سیکنڈری سکول سمبل سوناواری میں زیر تعلیم ہے، نے 500 نمبرات میں سے 453 نمبرات حاصل کرکے یہ ثابت کردیا کہ گورنمنٹ سکول بھی کسی سے پیچھے نہیں ہے۔باسط یوسف نے سکول میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔باسط یوسف کے والد محمد یوسف نے کہا کہ باسط ایک ذہین طالب علم ہے اور انہیں امید ہے کہ وہ مستقبل میں وہ حاصل کرے گا جس کی وہ خواہش کرتا ہے۔